پی آئی اے کا اربعین کیلئے خصوصی فلائٹ آپریشن کا اعلان
قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے نجف جانے والے اربعین کے لیے 8 اگست سے خصوصی فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (ارشاد سنجرانی) قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے نجف جانے والے اربعین کے لیے 8 اگست سے خصوصی فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے اربعین کے لیے پاکستان سے نجف روانگی کے لیے خصوصی پروازیں 8 سے 11 اگست تک چلائی جائیں گی جبکہ نجف سے پاکستان واپسی کی پروازیں 18 اگست سے 23 اگست تک چلیں گی۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے نے اربعین کے خصوصی فلائٹ آپریشن کے لیے فی مسافر کرایہ 675 ڈالر رکھا ہے جبکہ عراق جانے والے زائرین نے پی آئی اے سے کرایہ کم کرنے اور مزید اضافی پروازیں چلانے کی درخواست کی ہے۔

نجف جانے والے زائرین نے سنو نیوز سے رابطہ کر کے بتایا کہ پاکستان سے بذریعہ سڑک ہر سال لاکھوں لوگ ایران کے راستے عراقی شہر نجف جاتے ہیں تاہم اس بار بذریعہ سڑک عراق جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

زائرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت پی آئی اے کو اربعین کے لیے مزید اضافی پروازیں چلانے کی ہدایت کرے۔

دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نجف پروازوں کے لیے عراقی ایئرویز کو بھی پاکستان سے اضافی پروازوں کی اجازت دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ایئرپورٹ کا بین الاقوامی سطح پر بڑا ایوارڈ

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی جس کے دوران وزیراعظم نے اربعین کیلئے نجف جانے زائرین کیلئے خصوصی فلائٹ آپریشن کی ہدایت کی۔

دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ وزارت خارجہ، بلوچستان حکومت اور سکیورٹی اداروں سے وسیع مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ رواں سال زائرین کو اربعین کے لیے سڑک کے ذریعے عراق اور ایران جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں برس زائرین اربعین میں شرکت کے لیے ہوائی سفر کر سکیں گے، وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ آنے والے دنوں میں زائرین کی سہولت کے لیے زیادہ سے زیادہ پروازوں کا انتظام کیا جائے۔