ترکیہ کا پاکستانیوں کو آن لائن ویزا دینے کا اعلان
File photo
لاہور: (ویب ڈیسک) ترکیہ نے پاکستانی مسافروں کے لیے ایک جدید الیکٹرانک ویزا سروس متعارف کرائی ہے جس سے اب قونصل خانے جانے کی ضرورت ختم ہو گئی ہے، اب پاکستانی گھر بیٹھے ویزا کے لئے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

یہ سہولت اکتوبر 2024 تک ان افراد کے لیے دستیاب ہے جن کے پاس شینگن ممالک، برطانیہ، امریکا، یا آئرلینڈ کا درست ویزا یا رہائشی اجازت نامہ موجود ہے۔

پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو ترکی کا سفر کرنے سے پہلے وزٹ ویزا کے لیے درخواست دینا لازمی ہے، ویزا کی درخواست کے لیے پاکستانی درخواست دہندگان کو چند سادہ مراحل سے گزرنا ہوگا۔

درخواست: ویزا کی درخواست کے لیے ترکیہ کی سرکاری ای ویزا ویب سائٹ "evisa.gov.tr" پر جائیں۔

ادائیگی: مطلوبہ تفصیلات پُر کریں اور 60 ڈالر کی ویزا فیس کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ (ماسٹر کارڈ، ویزا، یا یونین پے) کے ذریعے ادا کریں۔

ڈاؤن لوڈ: پروسیسنگ کے بعد درخواست دہندگان کو ان کا ای ویزا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے ایک لنک موصول ہوگا جو ان کے ای میل پر بھی بھیجا جائے گا۔

ای ویزا حاصل کرنے کے لیے اضافی دستاویزات بھی فراہم کرنا ہوں گی جیسے واپسی کی تصدیق شدہ پرواز کا ٹکٹ اور بک شدہ ہوٹل کے انتظامات وغیرہ، یہ تقاضے سفر کے مقصد اور دورانیے کی تصدیق میں مددگار ثابت ہوتے ہیں جس سے آن لائن درخواست کا عمل زیادہ ہموار اور محفوظ بن جاتا ہے۔

مزید برآں، مسافروں کو دوران قیام روزانہ کم از کم 50 ڈالر دکھانے کی ضرورت ہوگی، یعنی اگر کوئی سیاح 30 دن کا سفر پلان کر رہا ہے تو اسے کم از کم 1,500 ڈالر کی عکاسی کرنے والا بینک اسٹیٹمنٹ پیش کرنا ہوگا۔

اس نئی ای ویزا سروس کے ذریعے پاکستانی سیاحوں کو ترکیہ کے ثقافتی ورثے اور قدرتی مناظر کا لطف اٹھانے کا موقع ملے گا۔