اسرائیلی جارحیت، پاکستان کا ایران کیساتھ کھڑا ہونے کا اعلان
 پاکستان نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کے ساتھ کھڑا ہونے کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کے ساتھ کھڑا ہونے کا اعلان کردیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت پاکستانی قیادت کی جانب سے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملےایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، حملے اقوام متحدہ کے چارٹراوربین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں، حملے میں جانوں کے ضیاع پرایران کے عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔

صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ جارح کا احتساب کرے، صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے فوری کارروائی کرے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، حملے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر ایرانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ نہایت غیر ذمہ دارانہ اقدام اور انتہائی تشویشناک ہے، اسرائیل کا یہ مکمل غیر ذمہ دارانہ اقدام خطرے سے دوچار خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ ہم بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ مزید کسی بھی کشیدگی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں جس سے علاقائی اور عالمی امن کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیل کے بلاجواز حملے انتہائی قابل مذمت ہیں، اسرائیل کا حملہ ایران کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی کے زمرے میں آتاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس گھناؤنے اقدام نے بین الاقوامی قوانین کی بنیادوں کیساتھ ساتھ انسانیت کے ضمیر کو بھی ہلا کر رکھ دیا، اس سے علاقائی استحکام اور بین الاقوامی سلامتی کو بری طرح نقصان پہنچاتا ہے، پاکستان ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

علاوہ ازیں دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے، اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان اسرائیلی اشتعال انگیزی کی مذمت کرتا ہے، اسرائیلی اشتعال انگیزی پورے خطے کی امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ جنگ بندی کریں، عالمی برادری اور اقوام متحدہ جارحیت کو فوری طور پر روکیں، عالمی برادری اور اقوام متحدہ اسرائیل کو اس حملے کے لیے جوابدہ ٹھہرائیں۔