آندھی و بارش کی پیشگوئی،محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی
Rain Forecast Sindh
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ بالائی سندھ کے تمام اضلاع میں آندھی اور بارش کے امکانات ہیں، جس سے گرمی کی شدت میں کمی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بالائی علاقوں میں گرد آلود آندھی کے ساتھ ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ تیز جھکڑ چلنے سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہو گی اور گرمی کی حالیہ لہر کا زور ٹوٹے گا۔

محکمہ موسمیات نے 13 جون سے 16 جون تک پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس سے ملک بھر میں موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ملک کے بیشتر حصے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔ گزشتہ روز صحرائے چولستان اور سرگودھا میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا تھا، جس نے عوام کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا تھا۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والی بارشیں جہاں گرمی سے نجات دلائیں گی، وہیں فصلوں اور آبی ذخائر کیلئے بھی فائدہ مند ثابت ہوں گی۔تاہم شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آندھی اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔