اسکولوں میں مفت سمر کیمپ لگانے کی اجازت مل گئی
Summer Camp Punjab 2025
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران طلباء کی سیکھنے کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے بڑا فیصلہ کر لیا۔

صوبے بھر کے نجی اسکولوں کو 15 جون سے 15 جولائی تک مفت سمر کیمپ کے انعقاد کی اجازت دے دی گئی ہے۔

اس فیصلے کا اعلان صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سمر کیمپس کا مقصد بچوں کی مسلسل سیکھنے اور تعلیمی مشغولیت کو فروغ دینا ہے تاکہ تعطیلات میں بھی ان کی صلاحیتیں نکھرتی رہیں۔

واضح رہے کہ حکومتی ہدایت کے مطابق سمر کیمپس میں شرکت مکمل طور پر رضاکارانہ اور مفت ہوگی۔ کسی بھی اسکول کو بچوں سے کوئی فیس یا اضافی چارجز لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر کسی ادارے کی جانب سے خلاف ورزی کی گئی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ حکومت کے ترجمان ڈپریشن میں حواس باختہ ہو گئے ہیں: عظمیٰ بخاری

شدید گرمی کے پیش نظر حکومت نے سمر کیمپ کے اوقات کار صبح 7:30 بجے سے 10:00 بجے تک مقرر کیے ہیں تاکہ بچے موسم کی شدت سے محفوظ رہ سکیں۔

اس فیصلے کا والدین، اساتذہ اور تعلیمی ماہرین نے خیرمقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بچوں کو سمر کیمپس میں تعلیمی، تخلیقی اور جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملے گا، جو ان کی مجموعی ترقی میں مددگار ثابت ہوگا۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کا یہ اقدام تعلیم سے جڑے تسلسل اور سیکھنے کے جذبے کو فروغ دینے کی جانب ایک مثبت قدم ہے، جو دیگر صوبوں کیلئے بھی قابل تقلید مثال بن سکتا ہے۔