
2 جون کی شام ٹک ٹاکر ثناء یوسف کو اس کے گھر میں گھس کر ملزم عمر حیات نے موت کے گھاٹ اتارا جس کے اگلے ہی روز پولیس نے فیصل آباد سے ملزم کو گرفتار کرلیا، دوران تفتیش ملزم نے ثناء یوسف کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کرلیا، عدالت نے ملزم کاکا کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کا حکم دیا تھا۔
ان دنوں ملزم عمر حیات کے والد امجد ایک ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ ٹک ٹاکر کے قتل میں بیٹے کے ملوث ہونے پر راضی ہونے سے انکار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
مذکورہ ویڈیو کلپ میں عمر حیات کے والد امجد کا کہنا تھا کہ میری دو بیٹیاں اور دو بیٹے ہیں، دونوں بیٹیوں کی شادی ہوگئی ہے جبکہ بڑا بیٹا فوت ہوگیاہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاکر ثناء یوسف کا قاتل گرفتار، فوٹیج سامنے آگئی
ملزم عمر حیات کے والد نے کہا کہ مجھے ٹک ٹاکر کے قتل کے بارے میں کچھ نہیں معلوم یہاں تک کہ مجھے بیٹے کے ثناء یوسف سے تعلق اور دوستی کا بھی علم نہیں تھا۔
امجد کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں میں نے دیکھا کہ بیٹا عمر حیات ثناء یوسف کے گھر سے باہر نکلتا ہے لیکن اس نے فائرنگ کی، ثناءسے اس کا کیا تعلق تھا وہ ٹک ٹاکر کے گھر کیوں گیا؟ اور اسے قتل کیا، میرا دل نہیں مانتا، اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔
ملزم کے والد کا مزید کہنا ہے کہ ’ویڈیو بہت مختصر سی ہے اس میں یہ نہیں دیکھا گیا کہ میرے بیٹے نے قتل کیا بھی ہے یا نہیں، میں نہیں مانتا کہ میرے بیٹے نے ثناء کا قتل کیا ہے۔
علاوہ ازیں ایک دوسرے انٹرویو میں امجد نے مزید کہا کہ اگر میرا بیٹا قتل میں ملوث ہے تو اس کو قانون کے مطابق ضرور سزا ملنی چاہیے لیکن مجھے انصاف چاہیے، اپنے بیٹے کیلئے نہیں بلکہ اس معصوم لڑکی کیلئے بھی جس کا قتل ہوا ہے، پھر چاہے وہ قتل میرے بیٹے نے کیا یا کسی نے بھی، یہ انتہائی قابل مذمت ہے۔