بھارتی جارحیت، شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔
سکرین گریب
اسلام آباد: (سنو نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات بھارت نے جارحیت کر کے فاش غلطی کی، بھارت نے جو غلطی کی اس کا خمیازہ اسے بھگتنا ہو گا، بھارت کے بزدلانہ حملے میں 26 شہری شہید 46 زخمی ہوئے، ان شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سمجھ رہا تھا ہم پیچھے ہٹ جائیں گے ، ہمارے شاہینوں نے فضا میں طوفان برپا کیا، بھارت کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے، بھارت کے پانچ طیارے راکھ کا ڈھیر بن گئے، ہمارے شاہینوں نے فضا میں ایسا طوفان برپا کیا بھارت چیخ اٹھا، بھارت کو جن طیاروں پر غرور تھا آج وہ راکھ کا ڈھیر بن گئے ہیں، ہمارے شاہینوں نے دشمن کے جہازوں کے پرخچے اڑا دیئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فوج نے دشمن کے حملے کی ناکام کوشش کا منہ توڑ جواب دیا، وزیراعظم

محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم وطن کی حفاظت کیلئے خون کے آخری قطرے تک لڑے گی، بھارت نے عالمی قوانین کو پامال کرتے ہوئے جارحیت کی، بھارت کو پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیئے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانیں قربان کیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ وطن عزیز کے دفاع کیلئے لڑنے کے لیے تیار ہے، مسلح افواج 24 کروڑ پاکستانی عوام کا فخر ہیں، عوام دشمن کے شانہ بشانہ لڑیں گے اور دشمن کو شکست فاش دیں گے۔