پاکستانی فوج نے دشمن کے حملے کی ناکام کوشش کا منہ توڑ جواب دیا: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دشمن نے چھپ کر ناپاک حملہ کرنے کی کوشش کی، افواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دشمن نے چھپ کر ناپاک حملہ کرنے کی کوشش کی، افواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 22 اپریل کو پہلگام میں افسوسناک واقعہ ہوا، ہندوستان نے دس منٹ میں ایف آئی آر رجسٹر کی، اس کے بعد پاکستان پر بے بنیاد الزام تراشی شروع کر دی، میں ترکی دورے پر تھا تو پہلگام واقعہ کیا اطلاع ملی، پاکستان کا پہلگام واقعہ سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے انٹرنیشنل کمیشن کے ذریعے شفاف تحقیقات کی آفر کی، ہمیں اس واقعہ کے بعد اگلے روز اطلاع ملتی ہے کہ ہندوستانی جہاز حملے کریں گے، ہماری بہادر افواج ان جہازوں کا سامنا کرنے کیلئے تیار تھیں، رافیل جہازوں پر ہندوستان بہت اتراتا تھا، ہماری ائیر فورس نے ہندوستان کے جہازوں کی کمیونیکیشن لاک کر لی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان کو سمجھ نہیں آئی اور سرینگر میں اتر گئے، گزشتہ روز بھی ہندوستان کے 80 جہازوں نے پاکستان میں 6 مقامات پر حملہ کیا، ہمارے عقاب چھپٹے اور 3 رافیل طیاروں کو مار گرایا، پاکستانی ایئرفورس کے جوانوں نے مجموعی طور پر 5 بھارتی طیارے گرائے، اس سے بڑی ہمیں عزت نہیں مل سکتی، یہ روایتی جنگ تھی اور انکا ہوش ٹھکانے آ گئی ہے، پاکستان کے پاس فولادی فوج ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے دہشتگردوں کے ساتھ ہندوستان کے رابطے کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں ، ہندوستان نے سانحہ جعفر ایکسپریس کی مذمت کرنے کی بجائے مذاق اڑایا، جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرنے والوں کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی ایک شہید کا جنازہ ہے جس میں صدر پاکستان، آرمی چیف اور میں نے شرکت کرنی ہے، ہم افواج پاکستان کے سپہ سالاروں افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، کل کی عظیم فتح اتحاد، اتفاق بہتر تیاری اور منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، افواج پاکستان نے کل رات جو جوہر دکھائے ان کا دنیا بھر میں شہرت ہے۔

وزیراعظم نے اپوزیشن کو ایک بار پھر ساتھ بیٹھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ میں اپنے اپوزیشن کے بھائیوں کے ساتھ مل کر بیٹھنے کو تیار ہوں، آئیں مل کر پاکستان کو عظیم بنائیں، ہم نے دنیا کو پیغام دینا ہے کہ ہم متحد ہیں۔