عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی کا معاملہ، پی ٹی آئی قیادت میں بے چینی
 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رات گئے ہونے والے کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سنو نیوز سامنے لے آیا۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رات گئے ہونے والے کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سنو نیوز سامنے لے آیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان سے ملاقاتوں پر اچانک پابندی کے معاملے پر تحریک انصاف کی مرکزی قیادت میں بے چینی پائی جارہی ہے جبکہ کور کمیٹی ارکان نے پارٹی کے اندرونی اختلافات پر بھی خفگی کا اظہار کیا ۔

ذرائع بتایا ہے کہ کور کمیٹی اجلاس میں بانی تحریک انصاف عمران خان سے مسلسل ملاقاتیں نہ ہونے پر طویل گفتگو ہوئی جبکہ مثبت اشاروں کے باوجود کون بانی سے ملاقات نہیں کروانا چاہتا ؟ فائدہ کس کوہے؟ اس حوالے سے تحقیقات پر اتفاق ہوا ہے۔

پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ کور کمیٹی اجلاس میں پارٹی کے کئی اہم ترین ارکان کی عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی کے حوالے سے پراسرار خاموشی پر سوالات اٹھائے گئے ، پارٹی نے اپنے طور پر مختلف ذرائع کے ذریعے عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی کی تحقیقات کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا طبی معائنہ دوبارہ کرانے کا حکم

پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں مجموعی طور پر پارٹی کے سینئر اور موجودہ اہم عہدوں پر فائز ارکان کے کردار پر بھی گفتگو ہوئی، کور کمیٹی اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں احتجاجی تحریک شروع نہ کرنے پر بھی سوالات اٹھائے گئے تاہم احتجاجی تحریک بارے میں گفتگو ادھوری رہی، کور کمیٹی اجلاس میں پارٹی کے اندرونی اختلافات پر بھی انتہائی ناراضگی کا اظہار کیا گیا جبکہ پارٹی میں گروپ بندیوں کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔

تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص نے سنو نیوز سے گفتگو میں کور کمیٹی اجلاس کی تفصیلات جاننے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ رات کو کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا ، طبیعت ٹھیک نہیں تھی اس لیے اجلاس ادھورا چھوڑ دیا ، معلوم کرتا ہوں اجلاس میں کیا گفتگو ہوئی اور کیا فیصلے کیے گئے ۔