
توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل نے فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں کی۔ جیل حکام کی جانب سے عمران خان کے میڈیکل معائنے کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کا سینٹرل جیل اڈیالہ میں دوبارہ میڈیکل معائنہ کرایا جائے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ طبی معائنہ پمز ڈاکٹرز اور ذاتی ڈاکٹرز کی ٹیم سے کرایا جائے، ذاتی ڈاکٹرز میں ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈینٹسٹ ثمینہ نیازی شامل ہیں۔
سپیشل عدالت سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹوکیس کی سماعت بغیر کارروائی 14 مئی تک ملتوی کردی۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت بغیر کارروائی 3 مئی تک ملتوی کر دی۔
انسداددہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے شامل تفتیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواستوں پر سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔ فاضل عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں عالیہ حمزہ، سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 17 جون تک ملتوی کردی۔
عدالت نے 26 نومبر احتجاج پر درج 5 مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما نعیم حیدر پنجوتھا کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی، جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی عدالت میں زیر سماعت آزادی مارچ کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کی عدم پیشی کے باعث بریت کی درخواستوں پر فیصلہ نہ سنایاجا سکا اور سماعت 8 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔
بانی پی ٹی آئی سے آج منگل کو ملاقات کا دن ہے ، انتظار پنجوتھا نے 6 وکلا کے نام اڈیالہ جیل انتظامیہ کو بھجوا دیئے۔ سلمان صفدر، بیرسٹر گوہر، نعیم پنجوتھا ،ابوذر سلمان، نیاز اللہ نیازی اور ظہیر عباس کا نام فہرست میں شامل ہے۔
ادھر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اڈیالہ روڈ پر اضافی پکٹس لگا کر چیکنگ کی جائے گی ۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے فیملی ممبران بھی آئیں گے جبکہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کے لئے ان کی فیملی بھی آئے گی۔