بیروزگاروں نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری
Unemployment
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے بیروزگار افراد کیلئے ایک نیا جاب پورٹل متعارف کروا دیا ہے، جس کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس جاب پورٹل کے ذریعے نہ صرف پڑھے لکھے افراد بلکہ ہنر مند اور ان پڑھ افراد بھی اپنے سی وی کو اپ لوڈ کرکے مختلف نوکریوں کیلئے درخواست دے سکیں گے۔

جاب پورٹل کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اور بزنس کمیونٹی کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان میں 65 فیصد نوجوانوں کی تعداد ہے، اس پورٹل کے ذریعے ان نوجوانوں کو نوکری کے نئے مواقع فراہم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس ایپ میں نہ صرف سرکاری ادارے بلکہ نجی ادارے بھی روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس جاب پورٹل کی مدد سے صوبے کے نوجوانوں کی رجسٹریشن کی جائے گی،جس کے بعد ان کی مہارت کے مطابق روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس پورٹل پر ایک سے چار گریڈ کی نوکریوں کے اشتہارات دیے جائیں گے، جبکہ پانچ سے پندرہ گریڈ کی نوکریوں کا اشتہار آئی بی اے کے ذریعے ہوگا، جس کے تحت شفاف طریقے سے نوکریاں دی جائیں گی۔

انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عارضی نوکریوں کو بھی اس سسٹم کے ساتھ جوڑا جائے گا تاکہ مزید افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

واضح رہے کہ اس جاب پورٹل کا مقصد صرف روزگار کے مواقع فراہم کرنا نہیں بلکہ سندھ کی ترقی کو بھی تیز کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ جب مواقع اور ٹیلنٹ اکٹھے ہوں گے تو صوبہ مزید ترقی کرے گا۔