پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل شناختی کارڈ متعارف
NADRA digital ID card launch
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)پاکستان کی نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (NADRA) نے ملک کا پہلا ڈی میٹریلائزڈ ڈیجیٹل شناختی کارڈ متعارف کروا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نادار کی جانب سے پہلا ڈی میٹریلائزڈ ڈیجیٹل شناختی کارڈ متعارف کروا دیا گیا ہے، جو قومی شناختی نظام میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ یہ اعلان NADRA کی سلور جوبلی کی تقریب کے دوران کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے اجراء پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم قدم ہے جو قومی شناختی نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنا دے گا۔

نئے فیچرز

ڈیجیٹل شناختی کارڈ پاکستان آئی ڈی موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے شہریوں کو اپنے شناختی کارڈز کو اسمارٹ فونز پر محفوظ رکھنے کی سہولت دے گا، جس سے انہیں جسمانی شناختی کارڈز لے کر چلنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

مزید برآں عالمی بینک کے مالی تعاون سے چلنے والے "ڈیجیٹل اکنامی ان ہانسمنٹ پروجیکٹ" (DEEP) کے تحت ڈیجیٹل تصدیقی نظام متعارف کرایا جائے گا، جو مختلف خدمات کیلئے تصدیق کے عمل کو مزید آسان بنائے گا۔

خیال رہے کہ اس ڈیجیٹل شناختی نظام کا پائلٹ پروگرام 14 اگست 2025 کو شروع ہونے کا امکان ہے۔ 

وسیع رسائی

وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے NADRA کی وسیع رسائی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف پاکستان کے دور دراز علاقوں میں شناختی خدمات فراہم کرتا ہے، بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی یہ سہولت فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ NADRA کا کردار حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قومی سلامتی کے حوالے سے بھی انتہائی اہم ہے۔

فوائد

NADRA  کے مطابق ڈیجیٹل شناختی کارڈ شہریوں کیلئے حکومت کی خدمات تک رسائی کو انقلاب سے ہمکنار کرے گا۔ پاکستان آئی ڈی ایپ میں انٹیگریشن کے ذریعے صارفین اپنے شناختی کارڈ کا ڈیجیٹل ورژن اپنے اسمارٹ فونز پر رکھ سکیں گے، جو کہ زیادہ محفوظ اور آسان ہوگا۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے NADRA کی اس انقلابی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ڈیٹا انٹیگریشن اور مصنوعی ذہانت میں NADRA کی کامیابیاں پاکستان کی معیشت کی ترقی اور معاشرتی شمولیت کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔