
اپنے ایک بیان میں ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ 11مارچ کو دن ایک بجے کے قریب دہشتگردوں کی جانب سے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا دیاگیا، جعفر ایکسپریس میں 440 مسافرسوارتھے،مرحلہ وار مغویوں کو رہا کرایا گیا ۔
انہوں نے بتایا کہ کل شام 100 کے لگ بھگ مسافروں کو بازیاب کرایا گیا،دہشتگردمسافروں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے تھے تاہم اب آپریشن ختم ہو چکا ہے اور تمام دہشتگرد مارے جا چکےہیں،ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 33 تھی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 21 مسافر دہشتگردوں کی بربریت کا شکار ہوئے جبکہ ایف سی کے 4 جوانوں کو دہشتگردوں نے شہید کیا، آپریشن میں بڑی احتیاط برتی گئی، آپریشن کے دوران کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا، فائنل آپریشن سے پہلے حیوانی دہشت گرد 21 معصوم جانیں لے چکے تھے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے یرغمالیوں کو انسانی شیلڈ کے طور پر استعمال کیا، مسافروں کی بازیابی کے آپریشن میں پاک فوج، ایئر فورس، ایف سی اور ایس ایس جی کے جوانوں نے حصہ لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کوکسی صورت اپنےقدم جمانےنہیں دیں گے،دہشتگردوں کادین اسلام سےکوئی تعلق نہیں۔