
ذرائع کے مطابق استعفیٰ منظور کیے جانے کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے ثانیہ نشتر کی نشست خالی قرار دے دی گئی ، سینیٹ سیکرٹریٹ نے خالی نشست سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ایس ی پی) کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ رہنما پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے گزشتہ برس 30 اکتوبر 2024 کو ایوان بالا کی نشست سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو بھجوایا تھا۔
واضح رہے کہ سینیٹر ثانیہ نشتر نے جنیوا میں بین الاقوامی ادارے میں ملازمت کے باعث استعفیٰ دیا تھا جس کی منظوری اب ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر خیبرپختونخوا سے 2021 میں سینیٹر منتخب ہوئی تھیں، انہوں نے پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی برائے تخفیفِ غربت اور سماجی تحفظ کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بین الاقوامی سطح پر بھی مختلف فورمز پر پاکستان کی نمائندگی کی اور صحت کے شعبے میں اپنی خدمات کے لیے متعدد اعزازات حاصل کیے۔