پی ٹی آئی رہنماؤں کو عمران خان سے ملنے کی اجازت نہ مل سکی
Ex prime minister of Pakistan and founder of PTI Imran Ahmad Khan Niazi
سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان/فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی،جس کے بعد انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر شدید احتجاج کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا کہ وہ صبح 2 بجے جیل پہنچے تھے اور ملاقات کیلئے بے تابی سے انتظار کر رہے تھے، مگر جیل کے حکام نے ملاقات کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

پی ٹی آئی کے مشیر خزانہ خیبر پختونخوا (کے پی) حکومت مزمل اسلم نے کہا کہ وہ 5 دیگر رہنماؤں کے ہمراہ ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے تھے، جن میں 3 ٹیکنوکریٹس بھی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات میں ملکی معیشت اور کے پی کی معیشت کے بارے میں بات چیت ہونی تھی، مگر بدقسمتی سے ہمیں ملاقات کی اجازت نہ ملی،ہم بار بار جیل کے داخلی گیٹ پر اجازت کیلئے درخواست دیتے رہے، لیکن جیل حکام نے ہماری بات ہی نہیں سنی۔

ممبر قومی اسمبلی شاہد خٹک نے بھی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 2 بجے کا وقت دیا گیا تھا، مگر اس کے باوجود ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ جیل کے سپرنٹنڈنٹ وزیر اور ارکان اسمبلی سے بالا تر ہو چکے ہیں۔

شاہد خٹک نے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل نے عوام کے پیسوں سے تنخواہیں حاصل کی ہیں اور اب اپنی طاقت کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں،ہم اپنے قائد سے بدظن نہیں ہوں گے، اور ہم ہر روز یہاں آئیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما برگیڈیر (ر) مصدق عباسی نے بھی اس موقع پر کہا کہ یہ چوتھی مرتبہ تھا جب وہ ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل آئے، ہر بار ہمیں ذلت کا سامنا کرنا پڑا۔

 

انہوں نے کہا کہ ہمیں جیل کے باہر کھڑا کر کے ذلیل کیا جاتا ہے اور یہاں کوئی بیٹھنے کا انتظام بھی نہیں ہوتا،ایک عام قیدی اپنے عزیزوں سے ملنے کا حق رکھتا ہے، مگر ایک سابق وزیر اعظم سے ملاقات کا حق نہیں دیا جا رہا، جو کہ افسوسناک اور غیر مناسب ہے۔