راولپنڈی پولیس بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کو آج انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ لیا جائے گا۔ گرفتاری ایس ایس پی انویسٹی گیشن صبا ستار کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں کی اور ابتدائی بیان بھی لیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں گزشتہ رات راولپنڈی پولیس کے حوالاتی ملزم کے طور پر گزاری۔ بانی پی ٹی آئی کو تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمہ میں گرفتار کیا گیا جس میں جلاؤ گھیراؤ،، پولیس سے مزاحمت، سرکاری املاک کی نقصان رسانی سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔ مقدمہ انسداد دہشت گردی کے تحت درج کیا گیا تھا۔
مقدمہ میں کار سرکار میں مداخلت ،بلوہ،سرکاری گاڑی پر پٹرول بم سے حملہ کے الزامات شامل ہیں۔ بانی پی ٹی آئی اور وزیر اعلیٰ کے ساتھ ساتھ 45 رہنما و کارکن ایف آئی آر میں نامزد ہیں۔
قبل ازیں اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت بغیر کارروائی کے جمعہ 22 نومبر تک ملتوی کر دی۔ بشریٰ بی بی کی طبی بنیادوں پر استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی۔ سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔