نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) نے چار نئے بحری جہاز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ایک ٹیم رواں ہفتے چین روانہ ہوگی۔ پی این ایس سی کے حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان نئے جہازوں کی خریداری کے لیے رقم پاکستانی روپے میں ادا کی جائے گی۔0
پی این ایس سی کے حکام نے بتایا کہ پہلا بحری جہاز تقریباً ایک سال بعد پاکستان پہنچنے کا امکان ہے جبکہ باقی تین جہازوں کی دستیابی وقتاً فوقتاً متوقع ہے، یہ جہازوں کی خریداری سے پی این ایس سی کی کارگو ترسیل کی صلاحیت میں 40 فیصد تک اضافہ ہوگا، جو کہ بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پی این ایس سی حکام کا مزید کہنا ہے کہ کمپنی کی جانب سے 2 پرانے جہازوں کو فروخت کرنے کے لیے بولیاں طلب کی گئی ہیں، یہ جہاز تقریباً 8 ارب روپے میں فروخت کیے جائیں گے اور ان کی فروخت کا عمل مارچ تک مکمل ہونے کا امکان ہے، اس اقدام سے پی این ایس سی کی مالی حالت کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ نئے جہازوں کی خریداری کے لیے درکار فنڈز حاصل کیے جا سکیں۔
پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی یہ نئی حکمت عملی ملکی بحری خدمات کی بہتری کے لیے ایک اہم قدم ہے اور اس سے پاکستان کے تجارتی بحری جہازوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا، اس منصوبے کے ذریعے پی این ایس سی نہ صرف اپنے بحری بیڑے کی جدید کاری کرے گی بلکہ اس کی تجارتی ترسیل کی صلاحیت میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا جو ملکی معیشت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
خیال رہے کہ یہ فیصلے پی این ایس سی کی کارگو ترسیل کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ عالمی تجارت میں پاکستان کی بحری خدمات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔