بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے فوکل پرسن مقرر کر دیے گئے، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی فردوس شمیم نقوی کی جانب سے تقرریوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی فردوس شمیم نقوی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو عمران خان کا فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہی ہدایت پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو بانی چیئرمین کا فوکل پرسن نامزد کیا گیا تھا۔
قبل ازیں بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال کے بعد پی ٹی سیاسی کمیٹی کی میں اضافہ ہوا، سیاسی کمیٹی کے ممبران میں پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز اور عمر ایوب شامل ہیں، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بچھر بھی سیاسی کمیٹی کے اہم رکن بنے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم بھی سیاسی کمیٹی میں شامل کیے گئے، سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر بیرسٹر علی ظفر اور قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر زرتارج گل وزیر بھی سیاسی کمیٹی کا حصہ بنے، بعد ازاں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو بھی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت کے ساتھ کسی بھی سطح پر مذاکرات کا اختیار بھی سیاسی کمیٹی کو دے دیا گیا، سیاسی کمیٹی کی جانب سے اسلام آباد میں دھرنے کے لئے 2 سے زائد مقامات کی نشاندھی کر دی گئی، سیاسی کمیٹی کی جانب سے احتجاجی مارچ اور دھرنے کے مالی معاملات کے لئے بھی سب کمیٹی تشکیل دے دی گئی تھی۔