پاکستان علماء کونسل کا بڑا مطالبہ
Pakistan Ulema Council
اسلام آباد:(سنو نیوز)پاکستان علماء کونسل نے ایک بار پھر حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام غیر شرعی اور غیر قانونی ویب سائٹس، ایپلیکیشنز اور وی پی این پر فوری پابندی عائد کی جائے۔

علما کونسل کا کہنا ہے کہ ایسی تمام ٹیکنالوجیز اور مواد جو توہین ناموس رسالت، توہین مذہب، فحاشی و عریانی، دہشت گردی، فرقہ واریت یا معاشرتی تقسیم کو فروغ دیتے ہیں، انہیں روکا جانا ناگزیر ہے۔ 

علماء کونسل نے کہا ہے کہ وہ کئی سالوں سے اس اہم مسئلے پر حکومت کی توجہ مبذول کروا رہی ہے،مگر اب بھی سینکڑوں افراد ان ویب سائٹس اور ایپلیکیشنز کے ذریعے غیر قانونی اور غیر اخلاقی جرائم میں ملوث ہو رہے ہیں۔

کونسل نے زور دیا کہ حکومت غیر شرعی مواد تک رسائی روکنے کیلئے وی پی این یا کسی بھی انٹرنیٹ سروس کو منظم کرنے کیلئے فوری طور پر قواعد و ضوابط وضع کرے۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر راغب نعیمی اور جامعہ نعیمیہ کے مہتمم نے بھی ایک پریس ریلیز میں علماء کونسل کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریعت اسلامیہ کے واضح احکامات کے تحت ہر وہ عمل جس سے غیر شرعی مواد تک رسائی حاصل کی جاتی ہو،حرام ہے اور اس کی اسلامی معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ 

علماء کونسل نے اپنے اعلامیے میں وضاحت کی کہ ان کے حالیہ علماء و مشائخ کنونشن کے بعد کچھ عناصر نے بے بنیاد الزام تراشی کا سلسلہ شروع کیا ہے،جو حقائق کے بالکل منافی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی عمل کے حلال یا حرام ہونے کا فیصلہ صرف شریعت کے اصولوں کے تحت کیا جا سکتا ہے۔ 

کونسل نے حکومت پر زور دیا کہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی ویب سائٹس اور ایپلیکیشنز کو بند کرنے کے ساتھ ساتھ وی پی این کے غلط استعمال پر بھی قابو پایا جائے۔ان اقدامات سے نہ صرف معاشرتی تقسیم کو روکا جا سکے گا بلکہ فرقہ واریت اور دہشت گردی جیسے مسائل پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی۔