سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پر جاری کردہ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں کے ایئر کوالٹی انڈیکس کی تفصیلات کی تصویر شیئر کی، تصویر کی کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ " پیارے پاکستانیو! کراچی منتقل ہو جائیں"۔
واضح رہے کہ پاکستان بھر میں اور خاص کر لاہور میں سموگ اتنی زیادہ ہو گئی ہے کہ اب تو خلا سے بھی نظر آنے لگی ہے، شدید دھند اور بڑھتی ہوئی سموگ کے باعث ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن بھی منسوخ کیے جا رہے ہیں، عوامی تحفط کے پیش نظر تمام بڑی موٹرویز کو بھی مختلف مقامات پر ٹریفک کے لئے بند کرنا پڑ رہا ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے صوبہ بھر کے سکولوں کو چھٹیاں بھی دے دی گئی ہیں، 50 فیصد سرکاری عملے کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور میں تمام آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں اور گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ لاہور میں 3 ماہ کے لئے شادیوں پر پابندیوں کی بھی تجاویز زیر غور ہیں۔
لاہور آج بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر ہے، صبح سویرے ہی ایئر کوالٹی انڈیکس ایک ہزار کی مہلک ترین سطح عبور کر چکا تھا، لاہور کے علاوہ ملتان کا اے کیو آئی 800 تک جا پہنچا جبکہ پشاور 258، فیصل آباد 252 اور اسلام آباد میں اے کیو آئی 253 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سموگ کے باعث خشک کھانسی، سانس میں دشواری، بچوں میں نمونیا اور چیسٹ انفیکشن میں اضافہ ہو رہا ہے، ایک ہفتے میں لاہور کے 5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 35 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 315 افراد متاثر ہوئے۔