مریم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا؟ نامور پاکستانی صحافی کا دعویٰ
Maryam Nawaz
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طبیعت کے حوالے سے حالیہ دنوں میں گہرے سوالات اٹھ رہے ہیں، ایسے میں معروف پاکستانی صحافی منصور علی خان نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا ہیں، مریم نواز کی صحت کے حوالے سے یہ خبریں سوشل میڈیا اور مختلف میڈیا چینلز پر زور پکڑ رہی ہیں۔

مریم نواز شریف کی طبیعت کے حوالے سے افواہیں اس وقت شدت اختیار کر گئیں جب وہ چند روز قبل گلے کے علاج کے لیے جنیوا روانہ ہوئیں۔ اس سفر میں ان کے والد نواز شریف اور صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ تھیں، مریم نواز کے جنیوا جانے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں جن میں کہا گیا کہ ان کا علاج معمولی نہیں بلکہ گلے کے کینسر کا ہے۔

معروف صحافی منصور علی خان نے اس معاملے پر اہم دعویٰ کیا کہ مریم نواز کو جنیوا جانے کی وجہ کوئی عام طبی وجہ نہیں بلکہ ان میں گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، یہ تشخیص حالیہ دنوں میں ہوئی تھی جس کے باعث مریم نواز کو فوری طور پر علاج کے لیے جنیوا روانہ ہونا پڑا۔

معروف صحافی کے اس دعوے نے اس معاملے کو مزید سنجیدہ بنا دیا اور مختلف حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ اٹھی ہے، تاہم ابھی تک مریم نواز یا ان کے اہل خانہ کی جانب سے اس بات کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی سختی سے تردید کی ہے، پارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی صحت کے حوالے سے جو خبریں زیر گردش ہیں وہ محض قیاس آرائیاں ہیں، ان میں کوئی حقیقت نہیں، مریم نواز کا جنیوا جانا محض معمول کی طبی دیکھ بھال کے لیے ہے، ان کی صحت کے حوالے سے عوام کو کسی قسم کی پریشانی کی ضرورت نہیں۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مریم نواز گلے کے علاج کے لیے جنیوا گئی ہوں، اس سے قبل بھی وہ پی ڈی ایم دور حکومت میں گلے کے ایک سنگین مرض کے علاج کے لیے جنیوا گئی تھیں جہاں ان کے گلے کی سرجری کی گئی تھی، اس وقت بھی ان کی صحت کے حوالے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں تاہم بعد میں یہ واضح ہو گیا تھا کہ ان کی سرجری کامیاب رہی۔

واضح رہے کہ رپورٹس کے مطابق مریم نواز جنیوا روانہ ہونے سے قبل لاہور کے شریف میڈیکل ہسپتال بھی گئیں جہاں ان کی ابتدائی طبی جانچ کی گئی، اس کے بعد انہوں نے فوری طور پر جنیوا جانے کا فیصلہ کیا۔

بعض ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مریم نواز کا 2 سال قبل تھائیرائڈ کا چیک اپ کیا گیا تھا جس میں کینسر کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا، ان کے دوبارہ ٹیسٹ ہونے کے بعد اس کے نتائج چند روز میں سامنے آئیں گے۔

مریم نواز کے صحت کے حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، اور نہ ہی ان کے اہل خانہ یا پارٹی کی جانب سے اس بارے میں کسی تصدیق کی گئی ہے، تاہم ان کی جنیوا روانگی اور اس سے جڑے افواہوں نے ان کے مداحوں اور سیاسی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑائی ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ آئندہ چند دنوں میں مریم نواز کی صحت کے حوالے سے کیا نئے انکشافات ہوتے ہیں، آیا ان کی طبی حالت کی تصدیق کی جاتی ہے یا نہیں۔