شیڈول کے اعلان کے بغیر ہی چیمپیئن ٹرافی پاکستان پہنچ گئی
File photo
لاہور: (سنو نیوز) تاریخ میں پہلی مرتبہ چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کے اعلان کے بغیر ہی ٹرافی ٹور کا آغاز ہو گیا، 2025 کی چیمپئن ٹرافی دبئی سے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تاریخ میں پہلی مرتبہ چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کے اعلان کے بغیر ہی ٹرافی ٹور کا آغاز کر دیا ہے، آئی سی سی کی جانب سے چیمپینز ٹرافی کو دبئی سے پاکستان منتقل کیا گیا ہے اور اب یہ ٹرافی اسلام آباد پہنچ چکی ہے، ٹرافی ٹور کا باقاعدہ آغاز 16 نومبر سے ہونا تھا، لیکن اس کے شیڈول کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا، جو کہ ایک غیر معمولی فیصلہ ہے کیونکہ آئی سی سی عام طور پر اپنے تمام بڑے ٹورنامنٹس کے شیڈول کا اعلان 4  ماہ پہلے کرتا ہے۔

آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق چیمپینز ٹرافی کا آغاز 19 فروری 2024 سے 9 مارچ 2024 تک پاکستان میں ہونا تھا، پاکستان میں اس ٹورنامنٹ کے میچز لاہور اور دیگر بڑے شہروں میں منعقد ہونے تھے لیکن آئی سی سی نے ابھی تک اس ٹورنامنٹ کے شیڈول کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، لاہور میں بھارت کے تمام میچز ہونے تھے لیکن اس میں تاخیر نے کرکٹ شائقین اور میڈیا میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔

آئی سی سی نے چیمپینز ٹرافی کی ٹرافی کا ٹور شروع کر دیا ہے جو 24 نومبر تک جاری رہے گا۔ ٹرافی کا آغاز پاکستان کے شمالی علاقے سکردو سے ہو گا جہاں چیمپینز ٹرافی کو ایک تاریخی مقام پر لے جایا جائے گا، سکردو کے بعد، چیمپینز ٹرافی کو کے ٹو بیس کیمپ بھی لے جایا جائے گا جہاں شائقین کرکٹ کو ٹرافی قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا۔

چیمپینز ٹرافی کے ٹور کا مقصد نہ صرف اس تاریخی ٹورنامنٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے بلکہ ان شہروں کو بھی کور کرنا ہے جہاں ٹورنامنٹ کے میچز منعقد ہوں گے، اس ٹور میں پاکستان کے مختلف شہروں بشمول لاہور، کراچی اور دیگر مقامات پر چیمپینز ٹرافی کی نمائش کی جائے گی۔

عام طور پر آئی سی سی کی جانب سے میگا ایونٹس کے شیڈول کا اعلان 4 ماہ پہلے ہی کر دیا جاتا ہے جیسے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کے 2024 کے شیڈول کا اعلان جنوری میں کیا گیا تھا، 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کا شیڈول جون میں جاری کیا گیا تھا، لیکن چیمپینز ٹرافی کے معاملے میں اس بار غیر معمولی تاخیر دیکھنے کو مل رہی ہے۔

واضح رہے کہ چیمپینز ٹرافی 2024 کے میچز پاکستان کے مختلف شہروں میں کھیلنے جانے ہیں، جن میں لاہور میں بھارت کے تمام میچز شامل ہیں، تاہم شیڈول کے اعلان میں تاخیر کے باعث اس بات کا ابھی تک کسی کو علم نہیں ہے کہ میچز کہاں اور کب ہوں گے۔