آسٹریلیا سے شکست کے باوجود بابر اعظم کے ٹی 20 میں 2 ریکارڈ
Babar Azam
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان برسبین آسٹریلیا میں 3 ٹی20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں گرین شرٹس کی شکست کے باوجود بابر اعظم نے پاکستان کے لیے 2 نئے ریکارڈ بنائے ہیں۔

آج ہونے والا پہلا ٹی 20 پاکستان میزبان آسٹریلیا سے ہار گیا لیکن اس کے باوجود سابق کپتان بابر اعظم نے ذاتی ریکارڈ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا، سابق کپتان نے بارش سے متاثرہ میچ کے دوران پاکستان کے لیے 2 ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔

بابر اعظم نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے آج اپنا 124 واں انٹرنیشنل ٹی20 میچ کھیلا جس کے بعد انہوں نے سابق کپتان شعیب ملک کا ریکارڈ دیا اور بابر اعظم نے دوسرا ریکارڈ فخر زمان کے ٹی20 میچز میں 50 کیچز کا ریکارڈ بھی توڑا ہے، بابراعظم نے ٹی 20 میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ کیچ پکڑنے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

بابر اعظم نے پہلے حارث رؤف کی بال پر آسٹریلوی بلے باز میتھیو شارٹ کا کیچ پکڑ کر جارحہ مزاج پاکستانی بلے باز فخرزمان کے ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 50 کیچز کا ریکارڈ برابر کیا اور میتھیو شارٹ کو 7 کے ذاتی سکور پر پویلین لوٹا دیا، بعد ازاں بابر اعظم نے نسیم شاہ کی گیند پرجیک فریزرمیک گرک کا دوسرا کیچ پکڑ کر فخرزمان کا ٹی20 میچز میں 50 کیچز پکڑنے کا ریکارڈ توڑا ، کینگروز بلے باز جیک فریزر میک گرک صرف 9 رنز ہی سکور کر پائے۔

واضح رہے کہ برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دے دی، گلین میکسویل اور مارکس اسٹوئنس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو پہلے ٹی 20 میچ میں 93 رنز تک پہنچایا، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم مقررہ 7 اوورز میں 9 وکٹیں گنوا کر محض 64 رنز ہی سکور کر پائی، اس کے ساتھ ہی کینگروز نے 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔