پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد کی خواہش ابھی تک قائم ہے اور اس ایونٹ کی میزبانی کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہے، تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے اس ایونٹ میں شرکت سے انکار کے بعد ہائبرڈ ماڈل کی پیشکش بھی سامنے آئی ہے جس میں بھارت کے میچز دیگر ممالک میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اور آئی سی سی کے درمیان اس معاملے پر مسلسل مذاکرات جاری ہیں، پی سی بی اپنے موقف پر ڈٹا ہوا ہے کہ ایونٹ کی مکمل میزبانی پاکستان میں ہی رہے، تاہم بھارتی ٹیم کی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر، آئی سی سی نے ایک متبادل تجویز پیش کی ہے جس میں بھارت کے میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کیے جائیں اور فائنل پاکستان میں منعقد کیا جائے۔
اگر پاکستان ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرتا ہے تو اس کا نتیجہ یہ ہو سکتا ہے کہ پی سی بی کو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سے ہاتھ دھونا پڑے گا، ذرائع کے مطابق اس صورت میں جنوبی افریقہ کو میزبانی کی پیشکش کی جا سکتی ہے، ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل کو منظور نہ کیا تو آئی سی سی ممکنہ طور پر چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد کا حق جنوبی افریقہ کو دے سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی کی ہائبرڈ ماڈل کی اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد کسی بھی صورت میں ممکن ہے اور ہائبرڈ ماڈل پر باضابطہ طور پر کوئی بات چیت نہیں کی گئی۔
پی سی بی نے آئی سی سی کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے انہیں مطلع کیا ہے کہ بھارت اپنی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں بھیجے گا، تاہم بھارت ایشیا کپ کی صورت میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت حصہ لینے کے لیے تیار ہے، اس سے پاکستان کے لیے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پر سوالات اٹھ رہے ہیں کیونکہ بھارتی ٹیم کے انکار سے ایونٹ کے انعقاد پر غیر یقینی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔
بھارت کی جانب سے انکار اور پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرنے کے بعد، آئی سی سی کے پاس ایک متبادل آپشن ہے، جنوبی افریقہ کو ایونٹ کی میزبانی دینے پر غور کیا جا سکتا ہے، مزید یہ کہ سری لنکا کو بھی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ممکنہ میزبان ملک کے طور پر شامل کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے لیے سٹیڈیمز کی تزئین و آرائش آخری مرحلے میں ہے، تمام میچز کے لیے سٹیڈیمز کی تیاری کے کام تیز رفتاری سے جاری ہیں، پی سی بی کا عزم ہے کہ اگر ایونٹ پاکستان میں ہوتا ہے تو یہ ایک شاندار ایونٹ بنے گا۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کا مستقبل اس وقت غیر یقینی ہے کیونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری تنازعہ کے نتیجے میں ایونٹ کی میزبانی کے حقوق کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہو سکا، پی سی بی کا موقف ہے کہ ایونٹ کی مکمل میزبانی پاکستان میں ہی ہونی چاہیے لیکن اگر پاکستان ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہیں کرتا تو جنوبی افریقہ یا سری لنکا کو ممکنہ میزبان ملک کے طور پر منتخب کیا جا سکتا ہے۔