پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کمی کا امکان
In Pakistan, the price of petroleum products is likely to decrease by 3 rupees per liter from November 1.
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان میں یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 20 پیسے کمی متوقع ہے۔ اوگرا کی جانب سے قیمتوں کے تعین کی سمری آج وفاقی حکومت کو بھجوائی جائے گی۔ وزیر اعظم وزیر خزانہ کی مشاورت سے نئی قیمتوں کی حتمی منظوری دیں گے۔ وزارت خزانہ پیٹرولیم قیمتوں سے متعلق آج نوٹیفیکیشن جاری کرے گی۔

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ خام تیل کی قیمت عالمی مارکیٹ میں کم ہوکر 67 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے آگئی ہے اس لیے فوری طور پر پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے فی لٹر کمی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں 60 روپے فی لٹر اضافی ٹیکس بھی وصول کیا جا رہا ہے جو ناجائز ٹیکس ہے، اگر پیٹرولیم لیوی کی مد میں حاصل کیا جانے والا ناجائز ٹیکس ختم کیا جائے تو معاشی ایکٹیویٹی بڑھے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم نومبر 2024ء سے کمی متوقع ہے، جس سے عوام کو کچھ ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

پیٹرولیم انڈسٹری ذرائع کے مطابق آئندہ 15 دن کیلئے پیٹرول،ڈیزل اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں تقریباً ساڑھے 3 روپے کمی ہو سکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخوں میں اتار چڑھاؤ سے جڑا ہوا ہے، حتمی فیصلہ آج تک عالمی قیمتوں کی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی اور ملکی سطح پر روپے کی قدر میں کچھ بہتری کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ممکن ہوئی ہے۔