راہول گاندھی کی زبان پر حضور ﷺ کا ذکر مبارک، بی جے پی ارکان سیخ پا
Image
نئی دہلی: (سنو نیوز) انڈین اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے بھارتی پارلیمنٹ لوک سبھا میں حضور ﷺ پر درود پاک بھیجا اور قرآن پاک کا حوالہ دیا جس پر بی جے پی کے ارکان سیخ پا ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے مودی سرکار کو آئینہ دکھایا اور اپنی تقریر کے دوران حضور ﷺ پر درود بھیجتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں پیغمبر اسلام سمیت تمام عظیم ہستیوں نے عدم تشدد اور خوف کو ختم کرنے کی بات ہے۔

 

راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ بی جے پی اپنے ملک میں صرف نفرت، خوف اور تشدد پھیلا رہی ہے، حکومتی رہنما ہندو ہونے کا دعویٰ تو کرتے ہیں مگر ساتھ ہی نفرت بھی پھیلاتے ہیں۔ جس پر مخالفین نے شور شرابہ کیا اور ان سے الفاظ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

 

اپوزیشن لیڈر نے انتہا پسند ہندو وزراء کی موجودگی میں قرآنی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خوف کو ختم کرو اور ڈرو مت، پارلیمنٹ میں اسلام اور قرآن کا ذکر کرنے پر بھارتیہ جنتا پارٹی سیخ پا ہوگئی۔

 

راہول گاندھی کی تقریر کے دوران وزیراعظم نریندر مودی سمیت وزیر داخلہ امیت شاہ اپنی نشست پر کھڑے ہوگئے اور اسپیکر سے اپوزیشن لیڈر کا مائیک بند کرنے اور الفاظ حذف کرنے کا مطالبہ کیا۔

 

وزیر اعظم نریندر مودی نے راہول گاندھی سے اپنے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے پورے ہندو معاشرے پر تشدد کا الزام لگایا۔ اس پر راہول گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی اور آر ایس ایس پورا ہندو سماج نہیں۔

 

اپوزیشن لیڈر نے اپنی تقریر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو پیغام دیا کہ دنیا بھر میں پیغمبر اسلام سمیت تمام عظیم ہستیوں نے عدم تشدد اور خوف کو ختم کرنے کی بات کی۔