لاہور دنیا کا سب سے آلودہ شہر برقرار
Smogy Weather
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب کا ہنستا بستا دارالحکومت لاہور بدستور دنیا کا آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے، باغوں کے شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے۔

شہر بھر میں سموگ کے بادل چھائے ہوئے ہیں، سورج کی کرنیں بمشکل زمین تک پہنچ رہی ہیں، شہریوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے، کھانسی، نزلہ زکام اور سانس کی بیماریوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

شہرلاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 427تک جاپہنچی ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے نمبر پر آ گیا ہے، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں بھی لاہور کا پہلا نمبر ہے۔

لاہور میں سید مراتب علی روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 581، جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 424 ،امریکی قونصلیٹ میں 420 اور عسکری ٹین میں آلودگی کی شرح 409 ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین بھی خبردار کیا ہے کہ فضا میں خنکی رہے گی اور آئندہ 24گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، یہ شدید فضائی آلودگی عوامی صحت کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے جو سانس کی بیماریوں، قلبی مسائل، اور دیگر صحت کی پیچیدگیوں میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے، بچے، بزرگ، اور پہلے سے موجود صحت کی مشکلات کا شکار افراد خاص طور پر دھند کے منفی اثرات کے لیے زیادہ خطرے میں ہیں۔

اس بحران کے پیش نظر صحت کے حکام شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کر رہے ہیں، شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آؤٹ ڈور سرگرمیوں کو محدود کریں خاص طور پر صبح سویرے اور شام کے وقت جب دھند زیادہ ہوتی ہے، اندرونی جگہوں پر ہوا صاف کرنے والے آلات کا استعمال کریں اور باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کریں۔

اس بحرانی صورتحال پر عوامی نقل و حمل کا فروغ، منعظم صنعتی اخراج اور سبزے میں اضافے جیسے اقدامات فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔