چیف جسٹس کی تقرری کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل
Parliament House Of Pakistan
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری کے لیے حکومت نے ایک خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کے ارکان شامل ہیں،جن میں خواجہ آصف، احسن اقبال، شائستہ پرویز، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر اور رعنا انصار شامل ہیں۔

دیگر ارکان میں بیرسٹر گوہر علی خان، صاحبزادہ حامد رضا، سینیٹر علی ظفر، سینیٹر فاروق ایچ نائیک، اعظم نذیر تارڑ اور کامران مرتضیٰ بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

کمیٹی کا پہلا اجلاس کل شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا،جس میں نئے چیف جسٹس کی تقرری پر بات چیت کی جائے گی۔ یہ کمیٹی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی مدت ملازمت ختم ہونے سے کم از کم تین دن پہلے نئے چیف جسٹس کا تقرر کرے گی۔

اس تقرری کے عمل کیلئے چیف جسٹس پاکستان اپنے بعد سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین ججوں کے نام بھجوائیں گے، جن میں اس وقت جسٹس منصور علی شاہ،جسٹس منیب اختر اورجسٹس یحییٰ آفریدی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سینیٹ اور قومی اسمبلی نے آئین میں 26ویں ترمیم منظور کی تھی،جس کے بعد یہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔