فیصل واوڈا کا پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بننے کا دعوی
Senator Faisal Vawda
اسلام آباد: (سنو نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے پاکستان تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بننے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بن گیا ہے جس کی قیادت ایک زیرک سیاست دان کرے گا۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو یہاں تک پہنچانے والوں کی نشاندہی کرتا رہا ہوں، تحریک انصاف نے ترمیم کا نہیں، شقوں کا ساتھ دیا، خطرات رہتے ہیں، خطرات سے کھیلنا کھلاڑی کا کام ہوتا ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی والوں کو مخاطب کرتے ہوئے ایک شعر پڑھا کہ "بن تیرے صنم مر مٹیں گے ہم، آنا ہی پڑے گا سجنا دل کی لگی"، میں نے پہلے ہی کہا تھا ایم کیو ایم پاکستان کی طرح پی ٹی آئی پاکستان بنے گی۔ پی ٹی آئی کے بکاؤ بھگوڑے پھر سے بائیکاٹ کر کے بھاگ گئے ہیں۔ یہ سب پلان کا حصہ تھا، قوم کو پتہ ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن تھی تو کم از کم اس ترمیم کیخلاف ہی ووٹ دے دیتی، ابھی تو ڈگی کھولے بغیر ہی منظور ہوگئی ہے، ابھی تو ڈگی میں بھی اتنے سارے رہتے ہیں، ان کو بھی آزاد کرنا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایکس پر لکھا کہ آج ہم ترمیم کے بعد کیک اور باقی سب دھول کھائیں گے۔