کالے سانپ کے دانت توڑ کر زہر نکال دیا ہے: فضل الرحمان
Chief JUI-F Maulana Fazlur Rehman
اسلام آباد: (سنو نیوز) مولانا فضل الرحمان نے 26 ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر کہا ہے کہ ہم نے کالے سانپ کے دانت توڑ کر اس کا زہر نکال دیا ہے۔

سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئینی ترمیم کیلئے بلاول، نواز، شہباز اور ایوان میں موجود تمام لوگوں کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ان کاوشوں میں پاکستان تحریک انصاف بھی میرے ساتھ ساتھ رہی۔

فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہاں جھگڑا شخصیات کا ہے، ایک جج سے حکمران پارٹی، دوسرے سے حزب اختلاف گھبرا رہی ہے، آئین مستحکم دستاویز ہوتی ہے، سادہ اکثریت سے قانون پاس کرلیتے ہیں، آئینی ترمیم کیلئے دو تہائی اکثریت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی قاعدے قانون کے تحت جلسے کرتا ہے تو اسے اجازت ہونی چاہیے، پی ٹی آئی شکایت کر رہی ہے کہ ان کا لیڈر جیل میں کس حالت میں ہے، عمران خان کے ساتھ اس قسم کا نارواسلوک ناقابل قبول ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، میں نے کہا تھا آئینی ترمیم کو شخصیات کے تنازع میں یرغمال نہ بنایا جائے، جمہوری سفر میں مشکل پیش آئے گی تو اس سے رہنمائی حاصل کریں گے۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف نے 26 آئینی ترمیم کے لئے ووٹ نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی اس عمل میں شریک نہیں ہوگی تاہم سربراہ جے یوآئی مولانا فضل الرحمن کے ساتھ مستقبل میں بھی رابطہ جاری رہے گا، مولانا آزاد ہیں وہ اس بل کی حمایت کریں گے ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم مولانا کے بے حد مشکور ہیں، ہمارے چیئرمین عمران خان نیازی ہیں آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم جو فیصلے کرتے ہیں عمران خان کی رضامندی سے کرتے ہیں، مجھے کل بھی انہوں نے کہا کہ ہم پہلے اپنے ارکان سے مشورہ کریں، تحریک انصاف 26 ویں آئینی ترمیم پر ووٹ نہیں دے سکتی۔