پاکستان میں سیاست کی کنجی آج بھی عمران خان کے ہاتھ میں ہے: پرویز الہٰی
Central President Pakistan Tehreek-e-Insaf (PTI) Chaudhry Pervaizalhi
لاہور: (سنو نیوز) چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاست کی کنجی آج بھی بانی پی ٹی آئی کے ہاتھ میں ہے، تحریک انصاف کے رہنماؤں و کارکنوں پر جتنے مرضی جھوٹے پرچے کروا لیں لیکن اب ظلم کے بادل چھٹنے والے ہیں۔

 مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چودھری پرویزالہٰی نے احتساب عدالت میں پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اب صرف پاکستان کے لیڈر نہیں بلکہ دنیائے اسلام کے لیڈر بن چکے ہیں، اقوام متحدہ میں اصل خطاب تو عمران خان کا تھا، دنیا ان کی آواز سنتی ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ اس طرح کا سلوک رکھا گیا تو ہمارے پاس اور کوئی چوائس نہیں، ساری پاکستانی قوم اور مسلم امہ ایک طرف کھڑے ہو جائیں گے، ہر سچے پاکستانی کی طرح، میں اور میری فیملی مضبوطی سے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کے دلوں میں بستے ہیں، عوام خود ہی اپنے ہیرو کیلئے باہر نکلتی ہے، موجودہ سیاسی عدم استحکام تحریک انصاف کے انتخابی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کا نتیجہ ہے، عدلیہ پر پورا یقین ہے، انشاء اللہ جلد ہی بانی پی ٹی آئی دوبارہ عوام کے درمیان ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ سکیم ختم کر کے پنجاب حکومت روزانہ ہزاروں غریب مریضوں کو موت کے منہ میں دھکیل رہی ہے، پنجاب کے کاشت کار آج رُل گئے ہیں، کوئی ان کا والی وارث نہیں، آج دوسروں کیلئے اناج اگانے والوں کے اپنے گھروں کے چولہے بجھ رہے ہیں۔