صوابی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے شہرام خان ترکئی کے ہجرے میں فائرنگ کے نتیجے میں چوکیدار جاں بحق ہوگیا جبکہ پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا۔
پولیس کے مطابق چوکیدار نے نوجوان کو ہجرے میں داخل ہونے سے روکنے پر فائرنگ کی تھی۔ جاں بحق چوکیدار گل نواس کا تعلق بڈھ بیر سے ہے۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد مسلح نوجوان فرار ہوگئے تھے، پولیس نے ملزم کا تعاقب کیا اور فائرنگ سے وہ جاں بحق ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر واقعے کی سی سی ٹی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں مسلح چوکیدار کو ملزم کو گیٹ سے باہر لے جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ حملے کے وقت شہرام ترکئی حجرے میں موجود نہیں تھے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ نیب نے القادر یونیورسٹی کے عطیات بند کروا دیے۔ القادر یونیورسٹی دیہاتی علاقے کی دوسری پرائیویٹ یونیورسٹی ہے ۔ القادر یونیورسٹی میں 100 فیصد طلبہ مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ یہ چاہتے ہیں کہ القادر یونیورسٹی بند ہو جائے یونیورسٹی بند ہونے کا مجھے نہیں طلبہ کو نقصان ہوگا ۔
عمران خان نے کہا کہ بر صغیر میں تعلیم میں ہم پہلے ہی سب سے پیچھے رہ گئے ہیں ۔ شوکت خانم بھی اگر بند ہوتا ہے تو لوگوں کو 10 گنا مہنگا علاج کروانا پڑے گا ۔ جان بوجھ کر القادر یونیورسٹی کے احتیاط بند کروائے گئے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈھائی ماہ سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نیب ترامیم کیس کا محفوظ فیصلہ نہیں سنا رہے ۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا ہونے کے بعد میں ترامیم کیس کا فیصلہ سنایا جائے گا ۔ پوری گیم کھیلی جا رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے چار شہباز شریف کے پانچ زرداری اور فرنٹ مینوں کے نو ریفرنسز فریز پڑے ہیں ۔ قوموں کو تباہ کرنے کے لیے دشمن کے حملے کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ اداروں پر کرپٹ اور نااہل لوگ بٹھا دیے جائیں تو قوم تباہ ہو جائیں گی۔
عمران خان نے کہا کہ محسن نقوی کو وزیر داخلہ اور کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بنادیا گیا ۔ ان کی تقرری کرکے کرکٹ کا بیڑا غرق کرکے رکھ دیا گیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلا دیش سے وائٹ واش ہوگئی اس سے بری اور شکست کیا ہوگی ؟ تحریک انصاف کے بانی چیئرمین نے کہا کہ ایسا کون سا ایٹم بم پھٹا کہ تین سال میں ہماری کرکٹ بنگلا دیش سے نیچے اور تباہ ہو گئی؟کرکٹ ایک ٹیکنیکل کھیل ہے اس پر آپ نے سفارشی بٹھا دیے۔ محسن نقوی کی کیا قابلیت ہے؟۔