مونال ریسٹورنٹ کے مالک کا ملازمین کے نام الوداعی پیغام
Monal Restaurant's photo
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) مارگلہ پہاڑیوں پر واقع مشہور مونال ریسٹورنٹ کو 11 ستمبر 2024 ءکو عدالتی حکم کے تحت بند کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ریسٹورنٹ کے مالک لقمان علی افضل نے اپنے ملازمین کے نام ایک جذباتی پیغام لکھا ہے۔
 
لقمان علی افضل نے اپنے خط میں ملازمین کو اس فیصلے سے آگاہ کیا اور انہیں اپنے حقوق اور واجبات کی وصولی کی ہدایت کی۔ انہوں نے لکھا کہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے نتیجے میں مونال ریسٹورنٹ کو ہمیشہ کے لیے بند کرنا ناگزیر ہے۔
 
خط میں لقمان علی افضل نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ معاشی حالات میں 700 ملازمین کو گروپ کے دیگر منصوبوں میں متبادل روزگار فراہم کرنے کے قابل نہیں ہیں۔
 
 انہوں نے مزید کہا، "میں اس بندش سے پیدا ہونے والی مشکلات اور بیروزگاری کا شدت سے احساس رکھتا ہوں، لیکن میں آپ سب سے درخواست کرتا ہوں کہ اسے تقدیر کا فیصلہ سمجھتے ہوئے متبادل روزگار کی تلاش شروع کریں۔"
 
 
انہوں نے ملازمین کو یاد دلایا کہ 2006 ءسے وہ سب ایک ساتھ کام کر رہے تھے، اور ان کے درمیان گزرے شب و روز خوشیوں اور غموں کے شریک رہے ہیں۔ "
 
یہ 18 سال کی رفاقت کا خاتمہ میرے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے،" لقمان علی افضل نے اپنے ملازمین سے اظہارِ افسوس کیا۔
 
ریسٹورنٹ انتظامیہ نے اس موقع پر عوام کے لیے بھی ایک الوداعی پیغام جاری کیا ہے، جس میں ریسٹورنٹ کی بندش کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔
 
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 13 جون 2024 ءکو مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں موجود تمام ریسٹورنٹس کو 3 ماہ کے اندر بند کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد مونال ریسٹورنٹ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔