
یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان اور انڈیا جو کہ پرانے حریف ہیں آمنے سامنے تھے، اسی دوران لوگوں نے فضا میں دیکھا کہ ایک چھوٹا طیارہ ایک بینر لہراتا ہوا محو پرواز تھا۔
جہاز کے پیچھے لگے بینر پر مطالبہ کیا گیا تھا کہ "عمران خان کو رہا کرو"، یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں لیکن انکی رہائی کا مطالبہ اب زور پکڑتا جارہا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ایکس ہینڈل سے بھی اس چھوٹے جہاز کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس پر عمران خان کی رہائی کا مطالبہ درج کیا گیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر شہباز گل نے پوسٹ کرتے بینر لہرانے والے شخص کا تعارف کروایا۔
ڈاکٹر شہبازگل نے پوسٹ میں اس شخص کی تصویر شیئر کرکے بتایا کہ یہ ہمارے ہیرو ہیں جنہوں نے نیویارک پاک بھارٹ ٹاکرے کے دوران اسٹیڈیم میں عمران خان کی رہائی کا بینر اڑانے کا انتظام کیا تھا، ساتھ ہی ڈاکٹر شہباز گل نے اس شخص کا شکریہ بھی ادا کیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس سے پتہ چلا کہ مذکورہ شخص کا نام غازی خان ہے اور امریکا میں سائبر سیکیورٹی پروفیشنل کے طور پر کام کررہا ہے۔
غازی خان نے اپنی پوسٹ لکھا کہ بھارت بمقابلہ پاکستان کرکٹ میچ کے دوران فضائی پیغام رسانی مہم ’ریلیز عمران خان‘ پر کام کرنا اعزاز کی بات تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا نظریہ دبایا یا بھلایا نہیں جا سکتا،بیرون ملک مقیم پاکستانی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
اس کے ساتھ انہوں نے اس مہم میں تعاون کرنے پر دیگر افراد اور تنظیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں 14، 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی جو اڈیالہ جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔