
کوٹ ڈیجی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی رہنما منظور وسان نے بتایا کہ اگلے 3 ماہ پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف کیلئے بہت زیادہ اہم ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف ہی قومی اسمبلی تحلیل کریں گے اور اس کے بعد وزیراعظم کوئی اور ہوگا۔ منظور وسان نے کہا کہ صوبائی اسمبلیاں موجود ہی رہیں گی لیکن ہوسکتا ہے کہ قومی اسمبلی جلد تحلیل ہوجائے اور دوبارہ سے قومی اسمبلی کیلئے الیکشن کروائے جائیں۔
منظور وسان نے کہا کہ 3 ماہ میں حالات مختلف ہوسکتے ہیں، تاحال ملک میں اس وقت مہنگائی لگاتار کم ہورہی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے متعلق منظور وسان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سائفر کیس میں صرف عارضی ریلیف ملا ہے، کوئی خوش فہمی میں بلکل نہ رہے جو حالات ہیں وہ عمران خان اور ملک کیلئے بلکل بھی اچھے نہیں ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی منظور وسان کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کسانوں کو گندم کا جو ریٹ ملنا چاہیے تھا وہ نہیں مل رہا، گندم سکینڈل میں نگران حکومت نے زیادہ مقدار میں گندم کیوں خریدی؟ کسانوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر بہت زیادہ دکھ ہے۔



