سندھ: ڈینگی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، ایک ہزار سے زائد کیسز رپورٹ
سندھ میں ڈینگی نے خطرے کی گھنٹی بجادی، 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار سے زائد کیسز سامنے آگئے۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز)سندھ میں ڈینگی نے خطرے کی گھنٹی بجادی، 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار سے زائد کیسز سامنے آگئے۔

محکمہ صحت سندھ نے صوبہ بھر میں ڈینگی کے مصدقہ کیسز سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کر دی ۔

رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر ڈینگی کے 3 ہزار 680 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ہزار 340 کیسز مثبت آئے،کراچی ڈویژن میں 2 ہزار 32 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 590 مثبت کیسز کی تصدیق ہوئی۔

محکمہ سندھ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ حیدرآباد ڈویژن میں ایک ہزار 648 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 750 کیسز مثبت آئے۔

سیکرٹری صحت سندھ ریحان بلوچ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں 99 نئے مریض داخل ہوئے جبکہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں 80 نئے مریضوں کو داخل کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں سے 74 جبکہ پرائیویٹ ہسپتالوں سے 126 مریض صحتیاب ہو کر گھر گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں سے کوئی اموات رپورٹ نہیں ہوئی۔

سیکرٹری صحت نے بتایا کہ اس وقت سندھ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد 238 جبکہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد 196 ہے، کراچی کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے 256 بیڈ مختص ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی کے ایل آئی دنیا کے بڑے ٹرانسپلانٹ مراکز میں شامل ہو گیا

اسی طرح حیدرآباد کے سرکاری ہسپتالوں میں 155 اور اندرون سندھ میں 563 بیڈز رکھے گئے ہیں جبکہ صوبہ بھر میں ڈینگی کے مریضوں کےلیے 974 بیڈ مختص کیے گئے ہیں۔

ریحان بلوچ نے بتایا کہ کراچی کے پرائیویٹ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے 156 ، حیدرآباد میں 185 اور اندرون سندھ کے نجی ہسپتالوں میں 66 جبکہ صوبہ بھر کے پرائیویٹ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کےلیے 407 بیڈ مختص کیے گئے ہیں۔

سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ کراچی میں کل 17 لیبارٹریز ڈینگی ٹیسٹنگ کر رہی ہیں جن میں 4 سرکاری اور 13 نجی لیبارٹریز شامل ہیں،حیدرآباد میں ڈینگی ٹیسٹنگ کے لیے 17 لیبارٹریز سرگرم ہیں جن میں 6 سرکاری اور 11 نجی لیبارٹریز شامل ہیں۔