
موجودہ مصروف طرزِ زندگی میں نیند کو سب سے کم اہمیت دی جا رہی ہے، جس کے نتائج نہ صرف انفرادی بلکہ سماجی سطح پر بھی انتہائی خطرناک ہو سکتے ہیں۔
اگر آپ خود کو دن بھر تھکا تھکا محسوس کرتے ہیں، تیسری یا چوتھی کافی کے بغیر دن گزارنے سے قاصر ہیں، تو یہ علامات صرف وقتی تھکن کی نہیں بلکہ سنگین نیند کی کمی کی نشاندہی ہو سکتی ہیں۔
امریکی اکیڈمی آف سلپ میڈیسن(AASM)کے مطابق نیند کی کمی نہ صرف روزمرہ کی کارکردگی بلکہ صحت پر بھی اس کو بھی بری طرح متاثر کرتی ہے۔
نیند کی کمی کا صحت پر اثر
تحقیقات کے مطابق روزانہ سات سے آٹھ گھنٹے کی معیاری نیند نہ لینے سے کئی مہلک بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند کی کمی دراصل جسم کے تمام نظاموں پر حملہ کرتی ہے، اور آہستہ آہستہ انسان کو اندر سے کمزور کرتی ہے۔
خطرناک پہلو
ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ نیند کی مستقل کمی کے باعث انسان اپنے خراب حالات کو نارمل سمجھنے لگتا ہے، حالانکہ اس کی دماغی کارکردگی بری طرح متاثر ہو چکی ہوتی ہے۔ اس خطرناک عادت کا اثر نہ صرف جسم پر بلکہ انسان کے فیصلوں جذبات اور تعلقات پر بھی پڑتا ہے۔
ڈاکٹر ایرک اولسن کے مطابق نیند کی کمی ایک سنجیدہ طبی مسئلہ ہے، جس کے اثرات ڈرائیونگ حادثات سے لے کر کام کی جگہ پر غلطیوں تک، ہر جگہ دیکھے جا سکتے ہیں۔
نیند کے معمولات اور قیلولہ
اچھی نیند کے لیے ضروری ہے کہ روزانہ سونے اور جاگنے کا وقت یکساں رکھا جائے اس طرح جسم کو ایک قدرتی نظام ملتا ہے جس سے نیند بہتر ہوتی ہے اور نیند کی کمی کا امکان کم ہو جاتا ہے۔
قیلولہ یعنی دن کے وقت مختصر نیند بھی انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ اگر آپ دن میں تھکن محسوس کریں تو 20 سے 30 منٹ کا قیلولہ آپ کی جسمانی توانائی اور صلاحیت کو بہتر بنا سکتا ہے۔ تاہم اس دورانیے سے زیادہ نیند الٹا تھکن اور سستی کا باعث بن سکتی ہے۔
وجوہات اور احتیاطی تدابیر
ماہرین کے مطابق نیند کی کمی اور نیند سے متعلق مسائل کے پیچھے کئی طبی اور طرزِ زندگی سے جڑی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ ان میں نیند کے دوران سانس رکنے کا عارضہ (Sleep Apnea)، بے خوابی (Insomnia)، بے چین ٹانگوں کا مسئلہ (Restless Leg Syndrome) اور سونے کے اوقات میں بے قاعدگی جیسے مسائل شامل ہیں، جو نیند کے معیار کو شدید متاثر کرتے ہیں۔
ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ زندگی کے انداز اور روزمرہ کی عادات بھی نیند میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔ خاص طور پر کیفین، الکوحل اور چرس کا استعمال، اور ناموافق سونے کا ماحول جیسے زیادہ روشنی، شور یا درجہ حرارت کا غیر متوازن ہونا یہ تمام عوامل نیند کی خرابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں