سردیوں کے ساتھ اکثر نزلہ، زکام، کھانس اور جوڑوں کے درد جیسی بیماریاں عام ہو جاتی ہیں،جن سے بچاؤ کیلئے قوت مدافعت کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے۔اپنی خوراک میں چند خاص غذاؤں کا استعمال کرکے آپ سرد موسم کے مسائل سے بچ سکتے ہیں اور اپنی صحت کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔
یہاں ہم چند ایسی غذائیں پیش کر رہے ہیں جو آپ کے جسم کو اندرونی طور پر مضبوط اور فعال بنائیں گی۔
دیسی گھی: جسم کو گرم رکھنے کا قدرتی ذریعہ
دیسی گھی کو روایتی طور پر صحت بخش سمجھا جاتا ہے،سردیوں میں اس کا استعمال آپ کے جسم کو ضروری حرارت فراہم کرتا ہے۔دیسی گھی نہ صرف جسم کو گرمائش فراہم کرتا ہے بلکہ اس میں موجود غذائی اجزا ہاضمے کو بہتر بھی کرتے ہیں۔ گھی میں موجود صحت بخش چکنائی جسم میں جذب ہو کر اسے طاقت بخشتی ہے۔اس کے استعمال سے جسم میں مضبوطی آتی ہے اور سردی کے مضر اثرات سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔
کھجور اور گڑُ: قوتِ مدافعت کا خزانہ
کھجور ایک مکمل غذاء ہے جو وٹامنز، منرلز اور فائبر سے بھرپور ہوتی ہے۔خاص طور پر سردیوں میں کھجور کا استعمال جسم کو ضروری حرارت فراہم کرتا ہے اور ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔
دوسری طرف گڑُ قدرتی میٹھا ہے جو گنے کے رس سے تیار کیا جاتا ہے،اس میں موجود غذائی اجزا پھیپھڑوں کو صاف کرنے میں مدد دیتے ہیں۔سردیوں میں روزانہ تھوڑی مقدار میں گڑ کھانے سے آپ کا جسم سردی سے محفوظ رہ سکتا ہے اور قوت مدافعت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
آملہ: وٹامن سی کا خزانہ
آملہ کو سردیوں کی خاص سوغات کہا جاتا ہے،یہ وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے۔ وٹامن سی قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے اور جسم کو انفیکشن سے لڑنے کی طاقت دیتا ہے۔آملہ کا روزانہ استعمال جسم میں موجود فری ریڈیکلز کو کم کرتا ہے اور اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس آپ کو تندرست رکھتے ہیں۔آملے کو مختلف طریقوں سے کھایا جا سکتا ہے،جیسے کہ آملہ جوس، آملہ مربہ یا خام آملہ وغیرہ۔
خشک میوہ جات: پروٹین اور فائبر کا ذریعہ
خشک میوہ جات جیسے کہ بادام، اخروٹ، پستہ، اور کشمش سردیوں کیلئے بہترین غذائیں ہیں۔ان میں موجود پروٹین اور فائبر قوت مدافعت کو مضبوط بناتے ہیں اور جسم کو اندرونی طور پر گرم رکھتے ہیں۔بادام اور اخروٹ میں موجود اومیگا تھری فیٹی ایسڈ دماغی صحت کیلئے بھی بہترین ہیں،جبکہ پستے اور کشمش جسم میں فوری توانائی فراہم کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ سردیوں میں جسم کو زیادہ حرارت کی ضرورت ہوتی ہے،ان غذاؤں کے استعمال سے نہ صرف جسمانی توانائی بڑھتی ہے بلکہ مدافعتی نظام بھی مضبوط ہوتا ہے۔روزانہ کی خوراک میں ان غذاؤں کو شامل کر کے آپ نہ صرف خود کو سرد موسم کے اثرات سے محفوظ رکھ سکتے ہیں بلکہ اپنی صحت میں بھی واضح بہتری لا سکتے ہیں۔