ہاضمے کے مسائل سے نجات کیسے پائیں؟
Natural drinks
لاہور:(ویب ڈیسک)معدے اور نظامِ انہضام کی صحت ہماری مجموعی تندرستی کیلئے انتہائی اہم ہے۔جب نظامِ انہضام صحیح کام کرتا ہے تو جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے، جلد صحت مند دکھائی دیتی ہے، اور مجموعی جسمانی کارکردگی بہتر رہتی ہے۔

 معدے اور آنتوں میں موجود کھربوں مائیکرو آرگنزم ہاضمے کے عمل کو بہتر بناتے ہیں اور خوراک کو صحیح طریقے سے ہضم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ایک صحت مند نظامِ انہضام کیلئے مختلف قدرتی مشروبات اور ڈیٹوکس ڈرنکس کا استعمال مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق یہاں کچھ مفید مشروبات کا ذکر ہے جو معدے کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

1. سیب کا سرکہ:قدرتی پری بائیوٹک

سیب کا سرکہ معدے کیلئے ایک بہترین ڈیٹوکس ڈرنک ہے۔اس میں موجود پیکٹن نامی غذائی عنصر پری بائیوٹک کے طور پر کام کرتا ہے،جو کہ معدے میں صحت مند بیکٹیریا کو بڑھاتا ہے اور مائیکروبائیوم کا توازن قائم رکھتا ہے۔ سیب کے سرکے کے استعمال سے معدے کی تیزابیت متوازن رہتی ہے،جس سے کھانا بہتر طریقے سے ہضم ہوتا ہے اور بدہضمی کے مسائل میں کمی آتی ہے۔ اس کا ایک چمچ نیم گرم پانی میں ملا کر پینے سے بہترین نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

2. کھیرے اور پودینے کا پانی:

کھیرے اور پودینے کا پانی معدے کو تروتازہ کرتا ہے اور ہاضمے کے نظام کو بہتر بناتا ہے۔کھیرا جو پانی سے بھرپور ہوتا ہے،نظامِ انہضام سے زہریلے مادوں کو خارج کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

پودینہ بدہضمی اور معدے کے درد کو ختم کرتا ہے اور اس کے استعمال سے پیٹ ہلکا اور آرام دہ محسوس ہوتا ہے۔ گرم موسم میں اس مشروب کا استعمال جسم کو ٹھنڈک بھی پہنچاتا ہے۔

3. ایلو ویرا کا جوس:

ایلو ویرا معدے کی صحت کے لیے ایک قدرتی جادو ہے۔ اس میں وٹامنز، معدنیات، اور مختلف انزائمز شامل ہوتے ہیں جو کہ ہاضمے کے عمل کو بہتر بناتے ہیں۔ ایلو ویرا کا جوس حاجت کے مسائل کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے اور نظامِ انہضام کو متحرک رکھتا ہے۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے پیٹ میں درد اور سوزش جیسے مسائل میں بھی کمی آتی ہے۔

4. ہلدی اور کالی مرچ کا شربت:

ہلدی میں موجود کرکیومن معدے کی سوزش کو کم کرتا ہے اور نظامِ انہضام کو صحت مند بناتا ہے۔ کالی مرچ میں پایا جانے والا پیپرین ہلدی کی افادیت کو بڑھاتا ہے اور اس مشروب کو مؤثر بناتا ہے۔ایک گلاس پانی میں تھوڑی سی ہلدی اور کالی مرچ ملا کر پینے سے ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور جسمانی طاقت میں اضافہ ہوتا ہے۔

5. لیموں والی سبز چائے:

سبز چائے کا استعمال میٹابولزم کو تیز کرتا ہے اور معدے میں صحت مند بیکٹیریا کو پیدا کرتا ہے۔اس میں لیموں ملانے سے جگر کیلئے فائدہ مند ہوتا ہے،جس سے زہریلے مادے جسم سے خارج ہوتے ہیں۔ اس کا روزانہ استعمال نہ صرف ہاضمہ بہتر بناتا ہے بلکہ وزن کم کرنے میں بھی مددگار ہے۔

6. سونف والی چائے:

سونف گیس اور بدہضمی کیلئے ایک بہترین قدرتی دوا ہے۔اس میں موجود وولاٹائل آئل آنتوں کی سوزش کو کم کرتا ہے اور معدے کے مسلز کو نرم کرتا ہے،جس سے خوراک آسانی سے ہضم ہوتی ہے۔یہ چائے خاص طور پر رات کے کھانے کے بعد پینا مفید ہے۔

7. چقندر کا جوس:

چقندر میں فائبر کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے جو کہ حاجت کے مسائل کو حل کرتی ہے اور معدے میں صحت مند بیکٹیریا پیدا کرتی ہے۔اس جوس کا استعمال جگر سے زہریلے مادے خارج کرنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے،جس سے نظامِ انہضام مزید مضبوط ہوتا ہے۔

یہ تمام قدرتی مشروبات آسانی سے دستیاب ہیں اور انہیں روزمرہ زندگی میں شامل کر کے نہ صرف ہاضمے کے مسائل سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے بلکہ مجموعی صحت کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔