معروف اداکار شجاعت ہاشمی انتقال کر گئے
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار و صداکار شجاعت ہاشمی انتقال کر گئے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار و صداکار شجاعت ہاشمی انتقال کر گئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق شجاعت ہاشمی کچھ عرصے سے علیل تھے، گزشتہ رات طبیعت بگڑنے پر انہیں سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے، مرحوم کی نماز جنازہ رات نو بجے جامعہ نعیمیہ میں ادا کی جائے گی۔

شجاعت ہاشمی اپنے منفرد انداز کی اداکاری اور گرج دار آواز کے باعث اپنی الگ ہی شناخت رکھتے تھے،شجاعت ہاشمی نے متعدد ٹی وی ڈراموں میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا، انہوں نے مقبول ڈرامے ’’وارث‘‘ سے اصل شہرت حاصل کی۔

ڈرامہ زرد دوپہر ،جھلہ، نقاب ،رات کا پچھلا پہر ،رانی اور رضیہ اور کرچیاں سمیت بے شمار ڈراموں میں اپنے فن کا لوہا منوایا، مرحوم نے بیس سے زائد فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ، ان فلموں میں خاک اور خون، لاجواب،سوہرا تے جوائی،نوکر تے مالک ،چاچا تے بھتیجا،دوستانہ ،ووہٹی دا سوال اے سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سینئر اداکار عاصم بخاری انتقال کر گئے

شجاعت ہاشمی کو انیس سو چورانوے میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ، مرحوم کی نماز جنازہ آج رات جامعہ نعیمیہ گڑھی شاہو میں نو بجے ادا کی جائے گی۔

شجاعت ہاشمی کے انتقال کے خبر سامنے آتے ہی شوبز شخصیات کی جانب سے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار جبکہ اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی جارہی ہے۔ 

ضرور پڑھیں