مشہور اداکار خالد حفیظ خان انتقال کر گئے
Khalid Hafeez Khan death
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستانی ٹیلی وژن انڈسٹری کے معروف ڈرامہ اداکار خالد حفیظ خان انتقال کر گئے۔

ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی مداحوں، ساتھی فنکاروں اور شائقینِ ڈرامہ کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

اہلِ خانہ کے مطابق مرحوم اداکار کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ عصر اسلام آباد کے سیکٹر ایچ الیون کے قبرستان میں ادا کی جائے گی، جس میں شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات، دوست احباب اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

خالد حفیظ خان کو پاکستان ٹیلی وژن کے مقبول اور یادگار کامیڈی ڈرامے گیسٹ ہاؤس میں مسٹر شمیم کے کردار سے غیرمعمولی شہرت ملی، ان کا یہ کردار آج بھی ناظرین کے دلوں میں زندہ ہے۔ گیسٹ ہاؤس پی ٹی وی کا ایک کلاسک ڈرامہ سمجھا جاتا ہے، جس کی کامیابی میں خالد حفیظ خان کی شاندار اداکاری کا نمایاں کردار تھا۔

یہ بھی پڑھیں:معروف شاعر اعتبار ساجد خالقِ حقیقی سے جاملے

مرحوم اداکار نے اپنے فنی سفر میں مزاحیہ کرداروں کو ایک خاص وقار اور سادگی کے ساتھ پیش کیا، ان کی اداکاری میں فطری پن، برجستگی اور ناظرین کو مسکرانے پر مجبور کر دینے والی خوبی نمایاں تھی۔ یہی وجہ ہے کہ وہ محدود اسکرین ٹائم کے باوجود اپنی مضبوط موجودگی کا احساس دلانے میں کامیاب رہتے تھے۔

ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں کا کہنا ہے کہ خالد حفیظ خان جیسے فنکار کم ہی پیدا ہوتے ہیں، جو کردار کو اس طرح نبھائیں کہ وہ ہمیشہ کیلئے یادگار بن جائے۔ ان کے انتقال کو پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔