بی بی سی ہر سال ایسی خواتین کی فہرست جاری کرتا ہے جو مختلف شعبوں میں غیرمعمولی خدمات سرانجام دے کر دنیا پر مثبت اثر ڈالتی ہیں۔ اس سال کی فہرست میں سیاست، شوبز، کھیل، وکالت، انسانی حقوق اور ماحولیات سمیت دیگر شعبوں سے نمایاں خواتین کو شامل کیا گیا ہے۔
اس بار کی فہرست میں پاکستان، افغانستان، بھارت، نیپال، عراق، مصر، ایران، فلسطین، اسرائیل، برطانیہ، امریکا اور دیگر ممالک کی خواتین شامل ہیں، جنہوں نے اپنے اپنے شعبے میں منفرد کامیابیاں حاصل کیں۔
پاکستان سے حدیقہ کیانی کو ان کے شوبز اور انسانی حقوق کے شعبے میں نمایاں کارناموں کے باعث منتخب کیا گیا۔ بی بی سی نے حدیقہ کیانی کی 2022 میں پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد متاثرین کے لیے کی گئی خدمات کو خصوصی طور پر تسلیم کیا۔
حدیقہ کیانی نے جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے متاثرہ علاقوں میں 350 سے زائد مکانات کی تعمیر کے علاوہ متاثرین کے لیے دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم کیں۔ ان کی یہ خدمات انسانی ہمدردی اور سماجی فلاح کی اعلیٰ مثال بن گئیں۔
بی بی سی کے مطابق حدیقہ کیانی کا شمار نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی ان خواتین میں ہوتا ہے جو اپنی غیرمعمولی صلاحیتوں اور خدمات کے ذریعے معاشرے پر مثبت اثر ڈال رہی ہیں۔
یہ پاکستان کے لیے باعث فخر ہے کہ حدیقہ کیانی جیسی باصلاحیت اور ہمدرد شخصیت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا، وہ دنیا بھر کی بااثر خواتین کی اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔