وائرل مبینہ نازیبا ویڈیوز پر متھیرا کا ردِ عمل بھی سامنے آ گیا
Mathira
لاہور: (سنو نیوز) پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ ماڈل اور ٹی وی میزبان متھیرا نے حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی نازیبا ویڈیوز کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کردہ جعلی قرار دیا ہے۔ متھیرا نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ ان ویڈیوز کا ان سے کوئی تعلق نہیں اور یہ مکمل طور پر جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔

متھیرا نے اپنے ایک حالیہ بیان میں ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کہا کہ ان کے نام اور تصاویر کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، ان کے خلاف جعلی مواد تیار کیا جا رہا ہے۔ اداکارہ نے اس موقع پر کہا کہ شرم کریں اور مجھے اس فضول بکواس سے دور رکھیں، سوشل میڈیا پر اس قسم کے مواد کی اشاعت کی سخت مذمت کی۔

انسٹاگرام اسٹوری پر جاری ایک پیغام میں متھیرا نے مزید وضاحت فراہم کی کہ یہ ویڈیوز حقیقت میں مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ویڈیوز میں جو شخص نظر آ رہا ہے، وہ حقیقت میں وہ نہیں ہیں کیونکہ ان کے جسم اور انگلیوں پر واضح ٹیٹوز موجود ہیں، جو ان ویڈیوز میں نظر نہیں آتے۔ متھیرا نے کہا کہ یہ جعلی ویڈیوز صاف طور پر اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے تخلیق کی گئی ہیں اور ان کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔

اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ یہ ویڈیوز تقریباً دو سال پرانی ہیں اور اس وقت انہیں شدید ذہنی پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے اس معاملے پر ایف آئی اے (فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی) سے بھی رجوع کیا تھا، یہ معاملہ حل کرنے کے لیے اقدامات کیے تھے۔

متھیرا نے اس موقع پر سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی کہ وہ اس قسم کی جعلی ویڈیوز اور افواہوں پر دھیان نہ دیں اور ان کی شخصیت کو غلط انداز میں پیش کرنے سے گریز کریں۔ اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی ایسی نازیبا ویڈیوز نہیں بنائیں اور نہ ہی ان کا کوئی ارادہ تھا،  یہ ویڈیوز ان کی عزت و شہرت کو نقصان پہنچانے کے لیے بنائی گئی ہیں۔

متھیرا نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ ایسی مہمات نہ صرف ان کی ذاتی زندگی کو متاثر کرتی ہیں بلکہ سوشل میڈیا کی اخلاقیات اور ذمہ داریوں پر بھی سوالات اٹھاتی ہیں۔