شاہ رخ خان کی فلم میں ماہرہ خان کو کاسٹ کیوں کیا گیا؟
Shahrukh khan and Mahira khan
ممبئی:(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم رئیس جس میں شاہ رخ خان کے ساتھ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے مرکزی کردار ادا کیا، اب ایک نئے انکشاف کی وجہ سے ایک بار پھر خبروں میں آگئی ہے۔

فلم کے ہدایت کار راہول ڈھولکیا نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ فلم کے مرکزی کردار کیلئے بالی ووڈ کی مشہور اداکاراؤں جیسے کرینہ کپور،دپیکا پڈوکون اور انوشکا شرما کے نام زیر غور تھے،لیکن کچھ دلچسپ وجوہات کی بنا پر ان کی جگہ ماہرہ خان کو کاسٹ کیا گیا۔

راہول ڈھولکیا نے بتایا کہ فلم میں شاہ رخ خان کی بیوی آسیہ کا کردار ایک مسلمان لڑکی کا تھا جو 1980 کی دہائی میں گجرات میں رہتی ہے۔ اس کردار کیلئے ایسی اداکارہ چاہیے تھی جس کی ہندی اچھی ہو اور اگر وہ اردو بھی بول سکتی ہو تو یہ ایک اضافی خوبی ہوتی،اس کردار کیلئے 30 سال سے زیادہ عمر کی کسی اداکارہ کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔

راہول ڈھولکیا نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اس کردار کیلئے کرینہ کپور،دپیکا پڈوکون اور انوشکا شرما کو منتخب کرنے پر غور کیا،لیکن یہ تینوں اداکارائیں بڑی اور مہنگی تھیں،جس کی وجہ سے ان کا انتخاب نہ ہو سکا۔علاوہ ازیں فلم میں ہیروئن کا کردار بھی کافی چھوٹا تھا،جو ان بڑی اداکاراؤں کیلئے موزوں نہیں تھا۔

راہول نے مزید بتایا کہ میں نے کترینہ کیف اور سونم کپور کو بھی اس کردار کیلئے سوچا مگر بات نہیں بن پائی۔ آخر کارمیری نظریں ماہرہ خان پر جا ٹھہریں،جو اس وقت بھارت میں ایک پروموشنل دورے پر تھیں۔ماہرہ کا آڈیشن بہت متاثر کن تھا،جسے پروڈکشن ٹیم نے بھی پسند کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ماہرہ خان کی کاسٹنگ میں شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان اور راہول ڈھولکیا کی والدہ نے بھی اہم کردار ادا کیا۔راہول نے بتایا کہ ان کی والدہ اور گوری خان کی والدہ ماہرہ خان کے ڈرامے دیکھ چکی تھیں اور دونوں نے اداکارہ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں فلم میں کاسٹ کرنے کی تجویز دی۔اس کے بعد ماہرہ خان کا آڈیشن کرکے انہیں فلم میں شاہ رخ خان کی اہلیہ کا کردار دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ رئیس جس میں ماہرہ خان نے آسیہ کا کردار نبھایا تھا، 2016 میں ریلیز ہوئی اور دونوں ممالک پاکستان اور بھارت میں بے حد مقبول ہوئی۔یہ فلم ماہرہ خان کی پہلی اور اب تک کی واحد بالی وڈ فلم ہے۔ شاہ رخ خان اور ماہرہ کی جوڑی کو ناظرین نے خوب پسند کیا اور فلم کی کہانی اور پرفارمنسز کو بھرپور سراہا گیا۔