بگ باس 18:سب سے مہنگا امیدوار کون؟
Big Boss 18
ممبئی:(ویب ڈیسک)بھارت کا مقبول رئیلٹی شو’بگ باس‘ ایک ایسا شو ہے جو کئی سالوں سے ناظرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کیے ہوئے ہے۔اس شو کے نئے سیزن کا آغاز ہوگیا ہے،جس کی میزبانی ایک بار پھر بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان ہی کر رہے ہیں۔اس سیزن کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہیں۔ناظرین یہ دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں کہ کون سی مشہور شخصیات گھر میں داخل ہوں گی۔

 اس بار کے سیزن میں ٹی وی اور ہندی فلموں کے کئی مشہور چہرے ’بگ باس‘ میں نظر آ سکتے ہیں،جن میں نیا شرما، شعیب ابراہیم، پدمنی کولہا پوری، سمیرا ریڈی، سوربھی جیوتی، کرن ویر مہرا، شلپا شروڈکر، کرشنا شراف جیسے نام شامل ہیں۔ ان میں سے بعض پہلے ہی اس قسم کے ریئلٹی شوز کا حصہ رہ چکے ہیں جبکہ کچھ پہلی بار اس شو میں قدم رکھیں گے۔

سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار

بھارتی میڈیا کی  رپورٹس کے مطابق اس سیزن میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی ممکنہ شخصیت دھیرج دھوپر ہوں گے۔ وہ ’کنڈلی بھاگیہ‘ جیسے مقبول ڈرامے میں اپنے کردار کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ ان کی آمدنی کا تخمینہ 4 سے 5 کروڑ روپے کے درمیان لگایا جا رہا ہے،جس کی وجہ سے وہ اس سیزن کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے امیدوار بن سکتے ہیں۔

ایک اور بڑی شخصیت جو بگ باس 18 کا حصہ بن رہی ہیں وہ نیا شرما ہے۔ جو ٹیلی ویژن انڈسٹری میں اپنی منفرد اداکاری اور اسٹائل کے لیے مشہور ہیں۔ نیا شرما کے مداح ان کی متحرک اور بولڈ شخصیت کو بگ باس میں دیکھنے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ ان کے معاوضے کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں، لیکن ان کی شمولیت شو کی ریٹنگز میں اضافہ کر سکتی ہے۔

بگ باس کا تھیم

اس سیزن کی تھیم کو زندگی کے مختلف مراحل پر مرکوز رکھا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بگ باس سیزن 18 کی تھیم ماضی، حال اور مستقبل کے گرد گھومے گی۔ اس تھیم کا مقصد مختلف ادوار کی مشکلات اور ان کے حل کو دکھانا ہے۔ اس حوالے سے نئے پرومو میں سلمان خان نے کہا ہے:"یہ آنکھ پہلے دیکھتی تھی اور دکھاتی تھی، لیکن صرف آج کی حالت کیلئے، اب ایک آنکھ کھلے گی جو تاریخ کا لمحہ لکھے گی،یہ مستقبل دیکھے گی۔

بگ باس 17 میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی شخصیت

پچھلے سیزن میں انکیتا لوکھنڈے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی شخصیت تھیں،جنہوں نے ہر ہفتے تقریباً 12 لاکھ روپے کمائے،جو کہ مجموعی طور پر 1.8 کروڑ روپے بنتے ہیں۔انکیتا شو کے تیسرے رنر اپ کے طور پر سامنے آئی تھیں۔

بگ باس سیزن 17 کا ٹائٹل بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی نے جیتا تھا۔انہیں شو کے جیتنے پر 50 لاکھ روپے،ایک کار اور بگ باس کی ٹرافی ملی۔اس سیزن میں منور فاروقی،انکیتا لوکھنڈے،ابھیشیک کمار،منارا چوپڑ، اور ارون مشیٹی جیسے ٹاپ 5 کنٹیسٹنٹس شامل تھے۔