بھارتی اداکار اور گرل فرینڈ پر قتل کا الزام، دوران تفتیش تہلکہ خیز انکشافات
Image
ممبئی: (ویب ڈیسک) قتل کے الزام میں گرفتار بھارتی اداکار درشن تھوگودیپا اور ان کی گرل فرینڈ و اداکارہ پاوترا گوڑا نے دوران تفتیش تہلکہ خیز انکشافات کر دیئے۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار درشن تھوگودیپا نے گرل فرینڈ پاوترا کو سوشل میڈیا پر توہین آمیز کمنٹس بھیجنے پر رینوکا سوامی نامی مداح کو کرائے کے قاتلوں کے ذریعے قتل کروایا۔

 

پولیس کے مطابق اداکار درشن نے اپنی محبوبہ اور 10 ساتھیوں کے ساتھ مل کر رینوکا سوامی نامی شہری کو اغوا کیا اور پھر اسے تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر ڈالا۔

 

پولیس نے مزید بتایا کہ مداح رینوکا سوامی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ اس پر ناصرف ڈنڈوں سے تشدد کیا گیا بلکہ اسے کرنٹ کے جھٹکے بھی لگائے گئے جو اس کی موت کا باعث بنے۔ اداکار درشن تھوگودیپا نے رینوکا سوامی کو قتل کروانے کے لیے کرائے کے 4 قاتلوں کو 50 لاکھ روپے ادا کیے۔

 

 

 


رپورٹ کے مطابق درشن تھوگودیپا نے 50 لاکھ روپے میں سے 30 لاکھ روپے پرادوش نامی شخص کو دیئے جس نے رینوکا سوامی کے اغوا اور قتل کا سارا منصوبہ ہینڈل کیا جبکہ نکھل اور کیشوا مرتھی نامی افراد کو رینوکا سوامی کی لاش کو ٹھکانے لگانے کے لیے 5، 5 لاکھ بھارتی روپے دیئے گئے۔

 

اس کے علاوہ رویندرا اور کارتھک نامی دو افراد کے اہلخانہ کو بھی 5، 5 لاکھ روپے فراہم کیے گئے تاکہ وہ قتل کا الزام اپنے اوپر لیکر درشن تھوگودیپا اور ان کی اہلیہ پاوترا گوڑا کو جیل جانے سے بچالیں۔

 

پولیس نے اداکار درشن تھوگودیپا اور ان کی گرل فرینڈ پاوترا گوڑا کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا، دونوں سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔