بجلی صارفین کو 46 ارب 56 کروڑ روپے کا بڑا ریلیف
ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ حکومت عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے ،حکومت بجلی صارفین کو 46 ارب 56 کروڑ روپے کا بڑا ریلیف فراہم کر چکی ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ حکومت عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے ،حکومت بجلی صارفین کو 46 ارب 56 کروڑ روپے کا بڑا ریلیف فراہم کر چکی ہے۔

پاور ڈویژن ترجمان کا کہنا تھا کہ بجلی ٹیرف میں مجموعی طور پر 71 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، گزشتہ دوسال میں صنعتی ٹیرف میں 14.44 روپے فی یونٹ کمی ہوئی ہے ،صنعتی شعبے کا ٹیرف 49.19 روپے سے کم ہو کر 34.75 روپے فی یونٹ پر آچکا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ جنوری اور فروری میں صارفین کو 26 ارب 85 کروڑ روپے کا خالص ریلیف ملا ،سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت صارفین کو 48 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا،ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 21.18 ارب روپے کا اضافہ ہوا تاہم مجموعی ریلیف رہا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا لوڈشیڈنگ اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ جولائی تا فروری صارفین کو 33 ارب 29 کروڑ روپے کا ریلیف دیا گیا ہے، ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے 13.28 ارب جبکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس سے 33.29 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن نے کہا کہ حکومت نے عالمی سطح پر بڑھنے والی ایندھن قیمتوں کے دباؤ کو خود برداشت کیا،بجلی کی قیمتوں میں استحکام کے لئے حکومتی اقدامات جاری ہیں ،بجلی صارفین کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔