بین الاقوامی سطح پر قیمتی دھات کی بڑھتی ہوئی طلب اور ڈالر کی مضبوطی کے باعث سونا مسلسل مہنگا ہوتا جا رہا ہے، جس کا اثر پاکستانی مارکیٹ پر بھی نمایاں طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونا 53 ڈالر مہنگا ہوکر 4 ہزار 18 ڈالر فی اونس تک پہنچ  گیا۔ بین الاقوامی سطح پر قیمتوں میں اضافے کے بعد مقامی مارکیٹ میں بھی فی تولہ سونا 5 ہزار 300 روپے مہنگا ہوگیا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 24 ہزار 162 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونا 4 ہزار 544 روپے کے اضافے کے بعد 3 لاکھ 63 ہزار 650 روپے کا ہوگیا ہے۔
صرافہ بازار کے تاجروں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اضافے، روپے کی قدر میں کمی اور درآمدی لاگت بڑھنے کے باعث مقامی سطح پر بھی سونا مسلسل مہنگا ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شاندار تیزی، ڈالر معمولی سستا
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ چاندی 158 روپے اضافے سے 5 ہزار 192 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں موجودہ رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں سونا مزید مہنگا ہونے کا امکان ہے، جس سے زیورات کی صنعت اور صارفین دونوں متاثر ہو سکتے ہیں۔