ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کی ماہانہ رپورٹ جاری کردی، اکتوبر میں مہنگائی کی شرح ماہانہ بنیاد پر 1.83 فیصد بڑھ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ماہ اکتوبر کے دوران شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 6 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 6.59 فیصد رہی ،رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر کے دوران اوسط مہنگائی کی شرح 4.73 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح ایک اعشاریہ 54 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 2 اعشاریہ 26 فیصد بڑھی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک میں ٹماٹر 58.64 فیصد، پیاز 18.71 فیصد اور سبزیاں 12.22 فیصد مہنگی ہو گئیں ،ایک ماہ کے دوران گندم 10.5 فیصد، آٹا 5.5 فیصد اور انڈے 4.2 فیصد مہنگے ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: چینی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ، نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں شہری علاقوں میں بجلی کے نرخ 8.78 فیصد جبکہ کرایہ 1.46 فیصد بڑھ گیا ،دیہی علاقوں میں ٹماٹر 47.87 فیصد، پیاز 18.2 فیصد، گندم 9.2 فیصد اور انڈے 5.83 فیصد مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ کے دوران مرغی کی قیمت شہری علاقوں میں 21.52 فیصد اور دیہی علاقوں میں 21.42 فیصد کم ہوئی ۔