تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے ک آغاز پر ہی حصص بازار میں زبردست خریداری کے باعث 100 انڈیکس ایک بار پھر ایک لاکھ 62 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق کاروبار کے پہلے ہی سیشن میں 100 انڈیکس میں 993 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 162,625 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔
معاشی ماہرین کے مطابق بین الاقوامی معاشی حالات میں بہتری اور ملکی مالیاتی پالیسی میں استحکام کے باعث سرمایہ کاروں کا رجحان مثبت رہا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے اختتامی روز بھی اسٹاک مارکیٹ نے شاندار کارکردگی دکھائی تھی اور 4 نئی حدیں عبور کی تھیں۔ پیر کے روز کاروبار کے دوران مجموعی طور پر 372 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 77 کمپنیوں کے شیئرز میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:بٹ کوائن آسمان سے زمین پر آگرا، 7 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
دوسری جانب زرمبادلہ کی مارکیٹ میں ڈالر کے نرخ میں بھی معمولی کمی دیکھی گئی، ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں ایک پیسے کی کمی کے بعد امریکی ڈالر کی قیمت 280 روپے 90 پیسے پر آ گئی۔
مالیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیزی ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کر رہی ہے، تاہم ڈالر کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنا ضروری ہے تاکہ مارکیٹ کے استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔